کراچی میں مبینہ پولیس مقا بلے کا ایک اور انسانیت سوز واقعہ سامنے آیا ہے۔
کراچی کے علاقے پیر آباد میں پولیس مقابلے کے بعد مبینہ ڈاکو زخمی جبکہ ساتھی فرار ہوگیا، ایک پولیس اہلکار مقابلے میں زخمی تڑپتے ہوئے ملزم کی ویڈیو بناتا رہا۔
مذکورہ پولیس اہلکار کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ہم نے اس ڈاکو کو مقابلے میں زخمی کیا ہے،ویڈیو میں مبینہ ڈاکو کو زخمی حالت میں زمین پر تڑپتا دیکھا جا سکتا ہے۔
پولیس اہلکار نے یہ بھی کہا کہ ملزمان قصبہ کالونی میں لوٹ مار کر رہے تھے،رش کے دوران ملزمان کو روکا تو مبینہ ملزم نے فائرنگ کر دی۔
اسی واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے ڈی آئی جی ایسٹ ڈاکٹر امین یوسف زئی نے کہا ہے کہ 29 جنوری کو موٹر سائیکل سوار ملزمان سے مقابلہ ہوا تھا، جس کے دوران پولیس اہلکاروں نے اپنے دفاع میں فائرنگ کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکاروں نے ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر کے اسپتال بھیجا تھا۔
ادھر ایس ایس پی ویسٹ کا کہنا ہے کہ پیرآباد تھانے کا اسکوڈ گشت پر تھا، جس وقت یہ واقعہ پیش آیا ہے، جس کے بعد ملزم اسپتال میں 3 دن زیر علاج رہا، صحت یاب ہونے پر اسے جیل منتقل کیا گیا۔
ایس ایس پی ایسٹ نے یہ بھی کہا ہے کہ موقع پر موجود اہلکاروں نے ویڈیو بنا کر شواہد کو محفوظ کیا تھا۔