کراچی (طاہر عزیز/ اسٹاف رپورٹر) کراچی میں 6میگا منصوبوں کے ٹینڈر تخمینی لاگت سے30فیصد کم بولی پر کھل گئے،ٹھیکوں میں حکومت سندھ کو77کروڑ کی بچت ، کام کا آغاز آئندہ ہفتے سے شروع ہونے کا امکان ہے۔ محکمہ بلدیات سندھ کی جانب سے کورنگی ڈھائی اور 5نمبر پر 2فلائی اوورز کی تعمیر کیلئے پی سی ون کی تخمینی لاگت 45کروڑ روپے فی فلائی اوور تھی لیکن دونوں فلائی اوور 33، 33کروڑ روپے کی بولی میں چلے گئے۔ اسی طرح شہید ملت روڈ پر حیدر علی سگنل اور طارق روڈ چورنگی پر انڈر پاس تعمیر کئے جارہے ہیں ،فی انڈر پاس لاگت کا تخمینہ 55کروڑ روپے تھا لیکن یہ بھی اب 45,45 کروڑ میں تعمیر ہوں گے۔ کورنگی صنعتی علاقے میں شارع دارالعلوم (بارہ ہزار روڈ) کی ازسر نو تعمیر ایک ارب 20کروڑ روپے کے بجائے ایک ارب 2کروڑ روپے کام کرنے کیلئے ٹھیکیدار کمپنی نے بولی دی اس طرح لیمارکیٹ کے اطراف سڑکوں کی تعمیر کی بولی 60کروڑ کے بجائے 45کروڑ روپے میں گئی ہے، ٹھیکوں میں مجموعی طور پر حکومت سندھ کو77 کروڑ روپے کی بچت ہوئی ہے۔ واضح رہےرواں مالی سال کے دوران کراچی میں حکومت سندھ کی جانب سے یہ پہلے میگامنصوبے ہیں جن پر کام شروع کیا جارہا ہے، وزیراعلیٰ سندھ نے کام کے آغاز کی تاریخ متعلقہ اداروں کو 15فروری دی تھی تاہم اب اس میں مزید ایک ہفتے تاخیر کا امکان ہے۔