• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جنسی تعلیم کی مجوزہ قانون سازی سمیت بعض مسائل تشویشناک ہیں، مرکزی جمعیت اہل حدیث

بریڈفورڈ(پ ر) برطانیہ میں مستقبل میں پیدا کیے جانے والے بعض مسائل مسلمانوں کیلئے خاص طور پر تشویشناک ہیں جن میں سر فہرست مسلمان بچوں کی تعلیم میں جنسی بے راہ روی کو قانونی آزادی دیناہے لہٰذا تمام مسلمانوں کو فرقہ واریت اور دیگر تعصبات سے بالاتر ہوکر کام کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار قائدین مرکزی جمعت اہل حدیث برطانیہ نے ورکنگ کمیٹی کے اجلاس منعقدہ اولڈھم میں کیا ۔اجلاس کا آغازگزشتہ اتوارکوقاری عطاء الرحمن کی تلاوت کلام مجید سے کیا گیا۔ صدر اجلاس مولانامحمد ابراہیم میرپوری نے رفقا کو خوش آمدید کہتے ہوئے اسے زیادہ سے زیادہ بامقصد بنانے کی ہدایات دیں۔ ناظم اعلیٰ مولاناحبیب الرحمن نے اجلاس کے ایجنڈے پر گفتگوکرتے ہوئے بتایا کہ قائدین جمعیت نے پچھلے انتخابات کے بعد سے اب تک تمام برانچوں کا دورہ مکمل کرلیاہے۔ امیر وناظم اعلیٰ کے علاوہ ناظم تبلیغ مولانا شریف اللہ، ناظم نشرواشاعت مولاناعبدالاعلیٰ درانی ، مولانا عبدالستار عاصم وغیرہ نے بریڈفورڈ، سکپٹن، نیلسن ، پرسٹن ، میڈن ہیڈ ، ریڈنگ ، لندن ،ڈدلی ، برمنگھم ، اولڈھم، مانچسٹر، ہڈرزفیلڈ، گلاسگو، برٹن آن ٹرنٹ سمیت سب برانچوں کے احباب سے ملاقاتیں کیں ان کے مسائل اور آراء سنیں مشوروں سے آگاہی حاصل کی، ناظم تعلیمات مولانا حافظ عبدالباسط عمری ، مولاناکنور شکیل لندن اوردیگر ناظمین نے اپنے اپنے حلقوں میں جمعیت کا پیغام پہنچایا،جمعیت کی تشکیل وتجدیدنئے دستوری معاملات اور تنظیم نو ، مردم شماری ممبران کی رائے شماری جیسے امورپراظہار خیال ہوا اور اراکین عاملہ نے کئی معاملات کاقائدین کواختیار دیا۔ مولانا منیرقاسم نے دورہ سعودی عرب کی تفصیلات سے آگاہ کیا،متفرقات میں مولانا محمد ابراہیم میرپوری امیر جمعیت نے کہاجنسی تعلیم میں آزادی کیلئے جو منصوبہ بندی کی گئی ہے اور اب وہ ہاؤس آف لارڈ سےمنظور بھی ہوچکی ہے جسے قابل بحث بنانے کیلئے بھی ایک لاکھ لوگوں کا متفق ہونا ضروری ہے اگرہم اس مہم میں ناکام ہوجاتے ہیں توہمارا مستقبل سخت مخدوش ہوجائے گا، ناظم اعلیٰ مولانا حافظ حبیب الرحمن نے کہا اسی طرح شناخت میں مرد اگر اپنے آپ کو عورت رجسٹر کروانا چاہے توقانونی طور پرآزادی دی جارہی ہے یہ قانونی دفعہ نہایت ہی مضر ہے کل کو مساجد کمیٹیوں میں اس قسم کے مخلوط جنس والوں کا سد باب نہیں ہوسکے گا ، ناظم نشر واشاعت مولانا عبدالاعلیٰ درانی نے کہا کہ پاکستانی چارہزار میل دورپیدا ہونے والے مسائل میں زیادہ دلچسپی لیتے ہیں حالانکہ برطانیہ اور یورپ میں مقیم پاکستانیوں کازیادہ زور مقامی مسائل سے آگاہ رہنے میں ہونا چاہیے کیونکہ یہ ہماری نسلوں کا ملک ہے اچھی یابری قانونی کارروائیوں کازیادہ اثر ان پر پڑتا ہے اس لیے ہمیں یہاں کے مسائل سے چشم پوشی کی روش کو چھوڑنا ہوگا،مولانا عبدالکریم ثاقب نے کہاہمیں کسی علاقائی یا فرقہ وارانہ نگاہ سے نہیں مسلمان کی حیثیت سے سوچنا ہوگا اور اس قسم کے مسائل پر یکجان ہوکرکام کرنا ہوگا، مولاناحمود الرحمن نے کہا کہ مانچسٹر میں مسلم کمیونٹی متحد ہوکر سیمینار منعقد کرا رہی ہے، جس میں تمام مکاتب فکر کے حضرات مل بیٹھیں گے اور درپیش مسائل پر سوچ و بچار کریں گے، جو بہت خوش آئند بات ہے دوسرے شہروں میں بھی مسلمانوں کوایسے اتحاد کو فروغ دینا ہوگا ، مولاناشعیب میرپوری نے کہاہمارے لارڈحضرات جو مسلمانوں کے مستقبل بارے میں کافی تحفظات رکھنے کے باوجود ناکام رہ جاتے ہیں کیونکہ ان کی کمیونٹی پشت پناہی کرنے میں دلچسپی نہیں رکھتی جیسے ’’گے‘‘ کاشرمناک قانون یہاں پاس ہوکر لاگو کیا جاچکا ہے اور بدقسمتی سے بالائی سطح پر موجود لوگ قانون منطور ہوتے وقت خاموش ہوجاتے ہیں ضروری ہے کہ انہیں امت مسلمہ کے مجموعی مفادات کالحاظ و پاس ہونا چاہئے۔ اجلاس میں مرحومین جن میں مولانا نذیراحمد سبحانی، مولانا عبدالعزیزراشد، چوہدری محمد اشرف مانچسٹرکی ہمشیرہ، مولانا عبدالرحمن سموں ودیگر فوت ہوجانے والے حضرات کے لیے دعائے مغفرت کی گئی ۔مجلس عاملہ کے اجلاس کے بعد ماہنامہ صراط مستقیم برمنگھم کی مجلس ادارت کا اجلاس ہوا جس میں مولاناعبدالکریم ثاقب، مولاناحفیظ اللہ خان ، مولانا عبدالاعلی درانی، ڈاکٹر عبدالرب ثاقب ، مولانا شفیق الرحمن شاہین ، مولانا شعیب میرپوری نے اظہار خیال کیا ۔

تازہ ترین