• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حج اورعمرہ کے لئے سرکاری کوٹہ بندنہ کیا جائے، بیرسٹر امجد ملک

راچڈیل (ہارون مرزا) او پی ایف کے سابق چیئرمین بیرسٹر امجد ملک نے حکومت پاکستان کی طرف سے حج سکیم پرائیویٹ سیکٹر کو دینے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس عمل سے جو لوگ ساری زندگی ایک ایک روپیہ اکٹھا کر کے اپنی آخری حسرت پوری کرنے کی جستجو کرتے ہیں ان کے لئے یہ فریضہ مشکل کردیا گیا ہے۔واضح رہے کہ پاکستانی وزیر حج نے گزشتہ روز اس کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا سعودی حکومت نے نئی پالیسی کا اعلان کیا ہے جس کے ذریعے حکم دیا ہے کہ سرکاری سطح کا حج ختم کردیا جائے اس سے قبل دو سال کے دوران عمرہ کی سعادت حاصل کرنے والوں کو دو ہزار ریال ادا کرنا پڑتا تھا اب یہ رقم بڑھ کر عوامی استطاعت اور حد عبور کر سکتی ہے۔ روزنامہ جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر امجد ملک نے کہا دنیا میں کوئی بھی مذہب ایسا نہیں جس کی عبادت گاہ جانے کے لئے بھاری اخراجات ادا کرنا ہوں لیکن حج اور عمرہ ایک ملٹی بلین ڈالر انڈسٹری کی شکل اختیار کرگیا ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ اسلامی ممالک جہاں کثیر تعداد میں مسلمان مقیم ہیں اس پر اپنے نقطہ نظر سے متعلقہ سفارت خانے کو مسلمانوں کے احساسات سے آگاہ کریں، انہوں نےوزیراعظم پاکستان عمران خان سے مطالبہ کیا کہ جب سعودی پرنس پاکستان کے دورے پر پر آئیں تو ان کے سامنے یہ مطالبہ رکھا جائے کہ وہ عمرہ اور سرکاری حج پر جانے کے لئے سالانہ سرکاری کوٹہ بند نہ کریں ساتھ ہی ساتھ انہوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ حج پروگرام کو کرپشن فری بنایا جائے اور زائرین کو ایسی سہولیات مہیا کی جائیں جن کے وہ مستحق ہیں۔ حج اور عمرہ پر جانے والے خود تو ثواب کماتے ہی ہیں لیکن اپنے ملک اور معاشرے کیلئے خیر اور برکت لاتے ہیں انکی خدمت اور ان کے اس عمل میں آسانیاں ایک مملکت اسلامی کی اساس ہیں۔
تازہ ترین