• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یورپی یونین مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے کردار ادا کرے، بیرسٹر سلطان محمود

نیویارک(پ ر)آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و پی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے یورپی یونین اپنا کردارادا کرے کیونکہ یورپی یونین کے ممالک انسانی حقوق پر یقین رکھتے ہیں جبکہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی طرف سے بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی پامالی ہو رہی ہے لہٰذا اگر یورپ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی پامالی پر آوازبلند کرے گا تو مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم بند ہونے میں مدد مل سکے گی۔ جبکہ مودی سرکار بھارت میں ہونے والے انتخابات میں انتہا پسند ہندوئوں کے ووٹ لینے کے لئے مقبوضہ کشمیر میں بربریت تیز کر رہی ہے۔ فن لینڈ کا انسانی حقوق پر ایک بہترین ٹریک ریکارڈ ہے لہٰذا فن لینڈ مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم بند کرانے اور مسئلہ کشمیر حل کرانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے یہاں فن لینڈ کے وزیر خارجہ ٹیمو سوئینی (Timo Soini) سے ایک خصوصی ملاقات میں کیا۔ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے فن لینڈ کے وزیر خارجہ کو مقبوضہ کشمیر میں مظالم پر اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن کی رپورٹ دکھاتے ہوئے کہا کہ اس رپورٹ کے آنے سے بھارت دنیا کے سامنے بے نقاب ہو گیا ہے۔ لہٰذا یورپی یونین بالخصوص فن لینڈ مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم بند کرانے اور مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔
تازہ ترین