• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہزادہ محمدبن سلمان کا دورہ تاریخی اسٹریٹجک نوعیت کے کئی اہم شعبوں میں تعلقات وسعت پائیں گے

اسلام آباد( طاہر خلیل)برادر اسلامی ملک اور پاکستان کےعظیم دوست سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمدبن سلمان پاکستان کے دوروزہ دورے پر 16 فروری کو اسلام آباد آرہے ہیں،اسلام آباد میں شہزادہ محمد بن سلمان کے شایان شان استقبال اور خیرمقدم کےلئے تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ شہزادہ محمد بن سلمان کا پاکستان کا یہ تیسرا دورہ ہے ،دو دورے وہ سلمان بن عبدالعزیز کے ساتھ اس وقت کرچکے ہیں جب شاہ سلمان بن عبدالعزیز تبوک کے گورنر تھے۔ شہزادہ محمد بن سلمان کی پاکستان کے ساتھ ایک خصوصی وابستگی ان کی والدہ مرحومہ شہزادی امیرا سلطانہ کی نسبت سے بھی ہے،ان کی والدہ کے نام سے اسلام آباد میں سلطانہ فائونڈیشن کا ادارہ کام کررہا ہے۔سلطانہ فائونڈیشن کے زیر اہتمام تعلیم اور رفاہی شعبوں میں اہم خدمات انجام دی جارہی ہیں۔ شہزادہ محمد بن سلمان نے جو پاکستان سمیت انڈیا اور چین دورےپر روانہ ہونےوالے ہیں منگل کو مکہ مکرمہ میں بیت اللہ میں حاضری دی حجر اسود کو بوسہ دیا خانہ کعبہ کے اندرونی حصے کی اپنے ہاتھ سے صفائی کی۔مسجد الحرام اور مسجد نبوی سیکرٹریٹ کے سربراہ الشیخ عبدالرحمن السدیس نے ولی عہد کو قصر ضیافہ میں مسجد الحرام کے توسیعی منصوبے پر بریفنگ دی۔ولی عہد نے مسجد الحرام کے نئے توسیعی حصے میں خطاطی کے کئی نمونے بھی دیکھے اور قصر ضیافہ سے توسیعی منصوبے کا مشاہدہ کیا۔پہلے پاکستان سعودی عرب کے ساتھ بیت اللہ اور روضہ رسولﷺ کی مناسبت سے سعودی عرب کے ساتھ باہمی تعلقات میں دلی وابستگی رکھتے ہیں، پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات ولی عہد کے اس دورے سے سٹرٹیجک نوعیت کےکئی اہم شعبوں میں وسعت پائیں گے۔زلزلہ ہو،سیلاب یا غیرملکی جارحیت پاکستان کے معاشی مسائل ہوں یا پاکستانی عوام کی بہبود کے منصوبے سعودی عرب نے ہر آڑے اور مشکل وقت میں ایک مخلص اور سچے دوست کا مظاہرہ کرتےہوئے پہلے پاکستان کی بھرپور مدد کی اور کٹھن اور صبر آزما مراحل میں پہلے پاکستان کا کھل کر ساتھ دیا۔ پاکستان کے عوام اپنے عظیم محسن کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ،یہی وجہ ہے کہ شہزادہ محمد بن سلمان کی آمد پر اہل پاکستان وفور ِ جذبات سے معمور ہیں۔ سعودی عرب نےامت مسلمہ کی وحدت اور اسلامی معاشروں کو سائنس و ترقی کے شعبوں میں جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کےلئے بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اور دیگر اداروں کے ذریعے فرخدالانہ تعاون کیا ہے۔سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی نے ولی عہد محمد بن سلمان کے دورے کو تاریخی قرار دیا ہے اور وہ حکومت اور پاکستانی عوام کے شکر گزار ہیں جو ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے لئے دیدہ و دل فرش راہ کئے ان کے منتظر ہیں۔

تازہ ترین