• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ کے 1لاکھ 35ہزاراساتذہ کوسائنس،ریاضی پڑھانا نہیں آتا،وزیرتعلیم

کراچی (اسٹاف رپورٹر/این این آئی/جنگ نیوز) وزیر تعلیم سندھ سید سردار شاہ نے کہاہے کہ ہمارے پاس ایک لاکھ 35 ہزار اساتذہ ایسے ہیں جن کو ریاضی اور سائنس ہی پڑھانا نہیں آتا ہے‘محکمہ تعلیم میں بھرتی کیلئے بی ایڈاورایم ایڈکی شرط ختم کریں گے۔منگل کوکراچی کے مقامی ہوٹل میں ورکشاپ سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سید سردار شاہ نے کہا کہ سندھ میں سب سے بڑا چیلنج یہ ہے کہ اساتذہ کی ایک بڑی تعداد کو ریاضی اور سائنس پڑھانا نہیں آتی لیکن ان اساتذہ کو ہم سسٹم سے نہیں نکال سکتے، انہیں ایڈجسٹ کرنا پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ ہم مانتے ہیں کہ جن اساتذہ کو ریاضی اور سائنس کے مضمون پڑھانا نہیں آتا وہ کمزور ہیں لیکن انہیں نکالا نہیں جا سکتا تاہم اب ہم کوشش کر رہے ہیں کہ ایسے اساتذہ بھرتی کریں جنہیں ریاضی اور سائنس جیسے اہم مضامین پڑھانا آتے ہوں۔وزیر تعلیم سندھ نے کہا کہ سندھ میں تعلیم کے معیار کو بہتر کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں اور مجھے علم ہے کہ صوبہ کے کئی اسکولوں کی عمارتیں خستہ حال ہیں لیکن انہیں بہتر کرنے میں وقت لگے گا۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے سسٹم کو بہتر کرنا ہے اور کئی چیلنجز ہمارے سامنے ہیں لیکن میں وعدہ کرتا ہوں کہ ایمانداری اور دیانتداری کے ساتھ محکمہ تعلیم میں بہتری کے لیے کام کرتا رہوں گا۔ان کا کہناتھاکہ پوائنٹ اسکورنگ کرنے والی پریکٹیسسز کو ختم کرنے کی ضرورت ہے‘آج ہمارے لیے چیلنجنگ صورتحال یہ ہے کہ ہمارے پاس بیالیس ہزاراسکول سسٹم میں موجودہیں،اور ان میں سے 39ہزار پرائمری اسکول ہیں اور صرف 3 ہزارسیکنڈری ہائی اسکول ہیں‘ محکمہ تعلیم میں بہت بہتری کی گنجائش ہے اور سرکاری محکمے تنہا عقل کل نہیں‘سید سردار شاہ نےبتایا کہ ہمیں سسٹم کو اون کرنا ہے، ہم نے عیب نہیں چھپائے اور ہم نے اپنی خامیوں کو دل سے تسلیم کیا ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تعلقہ ایجوکیشن افسر سمیت تمام اسامیوں کی بھرتیوں کے لیے بنائے گئے ریکروٹمنٹ رولز کا نئے سرے سے جائزہ لے رہے ہیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں سردار شاہ نے کہا کہ کسی پرائیویٹ اسکول کو ماورائے قانون کسی اقدام کی اجازت نہیں دینگے, سپریم کورٹ کے احکامات اور 2002 کے قوانین کی کوئی بھی خلاف کرنے والے پرائیویٹ اسکول کی رجسٹریشن کینسل کی جائے گی۔
تازہ ترین