• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

طالبان امریکا مذاکرات 18 فروری سے اسلام آباد میں ہونگے

افغان امن عمل کے لیے پاکستان کی امریکا اور افغان طالبان کے درمیان مذاکرات کے لیے سہولت کاری کی پیشکش کے نتیجے میں افغان طالبان اور امریکا کے درمیان مذاکرات کا اگلا دور 18 فروری کو اسلام آباد میں ہوگا۔

افغان طالبان کے ترجمان کے بیان کے مطابق افغان طالبان کا وفد وزیر اعظم عمران خان سے بھی ملے گا۔ وزیراعظم پاکستان سے ملاقات میں پاک افغان تعلقات اور افغان مہاجرین کے معاملے پر بات چیت کی جائے گی۔

امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان مفاہمتی عمل زلمے خلیل زاد بھی وفد کے ہمراہ اسلام آباد پہنچیں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے ماسکو میں ہونے والے مذاکرات میں افغان طالبان اور امریکا کے درمیان فوجی انخلاء کی ٹائم لائن طے کرنے کے لئے جوائنٹ ورکنگ گروپ بنانے پر اتفاق کیا گیا تھا۔

امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے گزشتہ دورہ پاکستان میں پاکستان سے طالبان کو ایک بار پھر مذاکرات کی میز پر لانے کی درخواست کی تھی تاہم پاکستان کی جانب سے مفاہمتی عمل میں سہولت کاری جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی گئی تھی۔

تازہ ترین