• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی کی بینکنگ کورٹ نے سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور سمیت دیگر 11 ملزمان کی عبوری ضمانت میں 5 مارچ تک توسیع کردی۔

میگا منی لانڈرنگ کیس میں آصف زرداری، فریال تالپور اور دیگر 11 ملزمان کی عبوری ضمانت کا آج  آخری دن تھا۔ کیس میں نامزد پیپلز پارٹی کے صدر آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور سمیت 11 ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔

سماعت شروع ہوئی تو فاضل جج نے تفتیشی افسر محمد علی ابڑو سے استفسار کیا کہ کیس میں کیا پیش رفت ہوئی جس پر ان کا کہنا تھا سپریم کورٹ کی ہدایت پر کیس کا ریکارڈ نیب کو منتقل کررہے ہیں۔

عدالت نے تفتیشی افسر کو کہا کہ پراسکیوٹر حتمی چالان پیش کریں یا پھر مقدمہ منتقل کرنے کی درخواست دیں جس پر ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے کہا ریکارڈ منتقل ہورہا ہے، نیب حکام کے ساتھ گفتگو جاری ہے۔

اس موقع پر تفتیشی افسر نے کہا ہر سماعت پر حتمی چالان جمع کرانے کی مہلت کی درخواست دیتا رہا ہوں جس پر وکیل فاروق ایچ نائیک نے کہا صرف درخواست دینا کافی نہیں، جواز بھی دینا ہوتا ہے۔

عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد آصف زرداری اور فریال تالپور سمیت دیگر 11 ملزمان کی ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے سماعت 5 مارچ تک ملتوی کردی۔

عدالت نے قرار دیا کہ انور مجید اور عبد الغنی مجید کی ضمانت کی درخواست پر مزید سماعت 20 فروری کو ہوگی۔

ایف آئی اے نے اسلم مسعود کو پیش نہ کرنے پر میڈیکل رپورٹ عدالت میں جمع کرادی۔

پراسیکیوٹر ایف آئی اے نے عدالت کو بتایا کہ اسلم مسعود کا پنجاب سے 5 دن کا راہداری ریمانڈ حاصل کیا گیا تھا تاہم وہ بیمار ہیں اور ڈاکٹر نے سفر کرنے سے منع کیا ہے۔ملزم کی طبی حالت ایسی نہیں کہ اسے کراچی لایا جا سکے، صحت یابی کے بعد اسے عدالت میں پیش کردیا جائے گا۔

یاد رہے کہ اسلم مسعود کو چند روز قبل ہی سعودی عرب سے پاکستان لایا گیا ہے جسے بیرون ملک رقم منتقل کرنے کا اہم کردار کہا جارہا ہے۔

تازہ ترین