• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’’سوہو لوفٹ‘‘ نیویارک کے مہنگے پینٹ ہاؤس میں کیا ہے خاص؟

سوہو (SoHo) نیویارک کے اندرون شہر کے علاقے مین ہٹن کی ایک صوفیانہ رہائشی کالونی ہے۔ فنکارانہ، تخلیقیت سے بھرپور اور فیشن ایبل یہ وہ چند نام ہیں، جو اس رہائشی کالونی کو دیے جاتے ہیں۔ اس کالونی میں فیشن ایبل سنگلز اور شادی شدہ جوڑے، ڈاٹ کام پروفیشنلز، ماڈل، شیف، بیوٹی انڈسٹری کے پروفیشنلز اور بے انتہا پیسے والے غیر ملکی رہتے ہیں۔

سوہو لوفٹ کا نام آتے ہی، نیویارک کے رہائشیوں کے ذہن میں ہائی اینڈ رہائشی کالونی کا خیال اُبھر آتا ہے، اور محسوس ہوتا ہے جیسے اس کے ساتھ دولت، شہرت اور گلیمر فطری طور پر جڑا ہوا ہے۔

اس علاقے کی تاریخ بھی کافی دلچسپ ہے۔ یہ 1960ء اور 1970ء کے عشرے کی بات ہے کہ نیویارک شہر کے آرٹسٹوں نے ’سوہو‘ میں ایک نئی رہائشی کالونی کی بنیاد رکھی۔ SoHoسے مراد ہے South of Houston۔ اس کالونی میں رہائشی اور کمرشل عمارتیں تعمیر کی گئیں، تاکہ آرٹسٹ ایک ہی علاقے میں رہ کر کام کرسکیں۔ ’سوہو لوفٹ‘ اپارٹمنٹ کی شہرت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ نیویارک سے باہر بھی کئی بلڈرز اور ڈیویلپرز اپنی عمارتوں کے لیے یہ نام استعمال کرتے ہیں۔ ’سوہو لوفٹ‘ اپارٹمنٹس کی خصوصیت یہ ہے کہ یہ انتہائی وسیع و عریض اور شاندار انداز میں تعمیر کیے گئے ہیں، اس لیے ہر بلڈر اپنی عمارت کو یہ نام دے کر اپنے اپارٹمنٹس کے وسیع و عریض اور شاندار ہونے کا تاثر دینے کی کوشش کرتا ہے۔ اس کے علاوہ، وہ یہ سمجھتے ہیں کہ’سوہو‘ کا نام سُن کر ان کے پروجیکٹس میں خود بخود فیشن ایبل اور اثرورسوخ رکھنے والا طبقہ دلچسپی لے گا۔ یہ نام ایک طرح سے کئی بلڈرز کے لیے مارکیٹنگ اسٹریٹجی کا بڑا ہتھیار بن گیا ہے۔

’سوہو لوفٹ‘ اپارٹمنٹس کا شمار نیویارک شہر کے مہنگے ترین پروجیکٹس میں ہوتا ہے۔ اس پروجیکٹ میں بہت کم اپارٹمنٹس بکنے کے لیے مارکیٹ میں آتے ہیں، کیونکہ یہاں رہنے والا کوئی بھی شخص اپنی یہ جائیداد بیچنے کے بارے میں سوچ بھی نہیں سکتا۔

حیران کن طور پر یہاں ایک پینٹ ہاؤس 65ملین ڈالر یعنی ساڑھے چھ کروڑ ڈالر(پاکستانی کرنسی میں ناقابلِ یقین پونے آٹھ ارب روپے) میں فروخت کے لیے دستیاب ہوا ہے۔ 8,000مربع فٹ پر تعمیرشدہ یہ پینٹ ہاؤس خوبصورتی، آرکیٹیکٹ اور لگژری کا ایک اعلیٰ نمونہ ہے۔ یہ وہ پینٹ ہاؤس ہے، جس میں ہالی ووڈ اداکار ہیتھ لیجر 2008ء میں اپنی موت سے پہلے تک رہائش پذیر تھے۔ نیویارک کی جائیداد کے شعبے میں کام کرنے والے ماہرین کا کہنا ہے کہ، اگر یہ پینٹ ہاؤس اسی قیمت پر فروخت ہوگیا، جو مانگی جارہی ہے تو یہ نیویارک کی تاریخ میں بکنے والا سب سے مہنگا اپارٹمنٹ ہوگا۔ ابھی نیویارک میں سب سے مہنگے پینٹ ہاؤس کا ریکارڈ چیلسی میں واقع ایک پینٹ ہاؤس کے پاس ہے، جو 59.06ملین ڈالر میں فروخت ہوا تھا۔

اس پینٹ ہاؤس کی قیمت میں اضافہ بھی حیران کن ہے۔ 2011ء میں یہ پینٹ ہاؤس ایک جوڑے نے 17ملین ڈالرز میں خریدا تھا۔ اس جوڑے نے گزشتہ چار سال میں اس پینٹ ہاؤس کی تزئین و آرائش میں کافی رقم خرچ کی ہے، تاہم اب یہ جوڑا محسوس کرتا ہے کہ دو افراد کے رہنے کے لیے یہ اپارٹمنٹ بہت بڑا ہے، اس لیے انھوں نے اسے بیچنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ’آپ اس پینٹ ہاؤس کا مقابلہ کسی سے نہیں کرسکتے۔ جائیداد کے شعبے میں مجھے ایک عرصہ ہوگیا ہے، تاہم میں نے اس پورے عرصے میں اتنا زبردست اپارٹمنٹ نہیں دیکھا۔ اس میں چھوٹے چھوٹے جزئیات پر جس قدر توجہ دی گئی ہے اور اس کے ڈیزائن میں جو نفاست ہے، وہ ناقابل یقین حد تک شاندار ہے‘۔ جے ایریک بیکر نامی ریئل اسٹیٹ ایجنٹ نے امریکی اخبار کو بتایا۔

پینٹ ہاؤس چار بیڈ روم، چھ باتھ روم اور چھ لینڈ اسکیپ ٹیرس او ر ایک ہاٹ ٹب پر مشتمل ہے۔ پینٹ ہاؤس میں انتہائی بڑے سائز کی کھڑکیوں اور قدرتی روشنی کے لیے اسکائی لائٹس کا پرذوق استعمال کیا گیا ہے۔ پینٹ ہاؤس کا سب سے بڑا حصہ لیونگ ایریا ہے،جسے ’گریٹ روم‘ کا نام دیا گیا ہے۔ صرف اس ایک کمرے میں دو اسکائی لائٹس اور چھ بڑے سائز کی کھڑکیاں لگی ہوئی ہیں، جہاں سے باہر کی شاپنگ اسٹریٹ کا خوبصورت نظارہ کیا جاسکتا ہے۔ اس کمرے میں دو مخالف رُخ پر لکڑی جلانے والی ’فائر پلیس‘ بھی بنی ہوئی ہیں۔ اسی کمرے میں، اسکائی لائٹ کے عین نیچے ایک بہت بڑی ڈائننگ ٹیبل سجائی گئی ہے۔ کھانے پکانے میں دلچسپی رکھنے والوں کے لیے اس پینٹ ہاؤس کا کچن ایک بہت بڑی کشش ہے، کچن میں بلیک گرینائٹ کاؤنٹر ٹاپس کا استعمال کیا گیا ہے اور کراکری رکھنے کے لیے چھت پر چھوٹے کیبنٹس بنائے گئے ہیں۔

ماسٹر بیڈ روم پینٹ ہاؤس کے اوپر والے حصے میں بنایا گیا ہے، جہاں جانے کے لیے سیڑھیوں میں کالے ماربل کا استعمال کیا گیا ہے۔ ماسٹر بیڈ روم میں فائر پلیس، کافی باراور الماری بنائی گئی ہے۔ اس میں فرینچ دروازے نصب کیے گئے ہیں، جو دو بہت بڑے پرائیویٹ ٹیرس میں کھلتے ہیں۔ ماسٹر بیڈ روم میں دو شاور اور ایک ٹب موجود ہے، جس کے بیرونی حصے میں ایک شاندار پرائیویٹ ٹیرس بھی بنا ہوا ہے۔

یہ اپارٹمنٹ نیویارک سٹی کےBroome اسٹریٹ پر ہے اور پینٹ ہاؤس کا نمبر 421ہے۔ اس علاقے کا شمار ایک زمانے میں نیویارک کے ’انڈسٹریل ڈسٹرکٹ‘ میں ہوتا تھا۔تاہم گزشتہ 50سال کے عرصے میں یہ علاقہ ’انڈسٹریل ڈسٹرکٹ‘ سے ایک مصروف اور ہائی اینڈ شاپنگ ایریا میں تبدیل ہوچکا ہے، جہاں جابجا دنیا کے مہنگے ترین بوتیک اور برانڈنظر آتے ہیں۔

تازہ ترین