سندھ ہائی کورٹ نے انور مجید، حسین لوائی، طہٰ رضا کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کے دوران ریمارکس دیے ہیں کہ کتنے معصوم لوگ جیل میں پڑے ہیں، کچھ تو رحم کریں۔
سندھ ہائی کورٹ میں انورمجید، حسین لوائی، طہٰ رضا کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت ہوئی، جس کے دوران ایف آئی اے کے ایڈیشنل ڈائریکٹرملک ممتازالحسن نے جواب جمع کرا دیا۔
سندھ ہائی کورٹ میں انورمجید، حسین لوائی، طہٰ رضا کی ضمانت کی درخواستوں کی سماعت کے دوران نیب پراسیکیوٹر نے بتایا کہ چیئرمین نیب کیس منتقلی سے متعلق درخواست پردستخط کر چکے ہیں، ایک دو روز میں لیٹرعدالت میں پیش کر دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین نیب کے لیٹرکا انتظار کرلیا جائے، ملزمان کی درخواست ضمانت نہ سنی جائے۔
ملزمان کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ایف آئی اے اور نیب کے پاس عدالت کو بتانے کو کچھ نہیں ہے۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ کتنے معصوم لوگ جیل میں پڑے ہیں، کچھ تو رحم کریں۔
عدالت میں سماعت کے دوران ملزمان کے وکیل حیدر وحید ایڈووکیٹ نے کہا کہ میرے مؤکل ابھی تک معصوم ہی ہیں۔
سندھ ہائی کورٹ نے نیب کو کیس منتقلی سے متعلق پیش رفت سے آگاہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت 21 فروری تک ملتوی کر دی۔
گزشتہ روز بینکنگ کورٹ نے منی لانڈرنگ کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی بہن فریال تالپور کی ضمانت میں 5 مارچ تک توسیع کی تھی۔