• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ریڑھی گوٹھ سےملنے والی لاش کی شناخت، ملزم گرفتار

ریڑھی گوٹھ سےملنے والی لاش کی شناخت، ملزم گرفتار
ملزم محسن

گزشتہ منگل کو بن قاسم ٹاؤن کے علاقے ریڑھی گوٹھ سے ایک شخص کی لاش بر آمد ہوئی تھی جس کی شناخت صدیق ولد علی کے نام سے ہوئی ۔مقتو ل بائیس ، تئیس سال کا نوجوان تھا جسے قتل کر کے موسانی محلہ ریڑھی گوٹھ میں پھینک دیا گیا تھا۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پاکستان رینجرز (سندھ) نے تحقیقات کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دی جس نے قتل کے محرکات کا جائزہ لیتے ہو ئے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پرریڑھی گوٹھ کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے قتل میں ملوث ملزم محسن ولد مصطفی کو گرفتار کرلیا۔

ابتدائی تفتیش کے دوران ملزم محسن نے انکشاف کیا کہ وقوعہ والی شب وہ اور مقتول صدیق اپنے محلے میں ایک شادی کی تقریب میں گئے، جہاں پر انہوں نے شراب پی لی تھی ۔رات ڈھائی بجے دونوں نشے کی حالت میں گھر کے لیے نکلے تھے کہ راستے میں اُن دونوں کے درمیان تلخ کلامی ہو ئی اور نوبت ہاتھا پائی تک جا پہنچی ۔

ملزم محسن نے مقتول صدیق کوجو کہ پہلے سے ہی نشے کی حالت میں تھا کو گلے میں پھندا ڈال کر جان سے مار ڈالا اوراس کی لاش گلی میں پھینک کر جائے واردات سے فرار ہو گیا ۔ملزم محسن کو قانونی چارہ جوئی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

دریں اثنا رینجرز نے عوام سے اپیل ہے کہ ایسے عناصر کے بارے میں اطلاع فوری طور پر قریبی چیک پوسٹ،رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر03162369996 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں۔اطلاع دینے والے کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔

تازہ ترین