• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

PSL4،کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کوشکست دیدی

پاکستان سپر لیگ فور کے تیسرے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو 6 وکٹ سے ہرادیا۔ 

پشاور زلمی نے میچ جیتنے کے لئے 156رنز کا ہدف دیا تھا جسے  کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے  19.4 اوورز میں حاصل کرلیا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے عمر اکمل نے سب زیادہ 75رنز بنائے اور ناقابل شکست رہے جبکہ سرفراز احمد نے 37 رنز بنائے۔ شین واٹسن اور روسوو  نے 19، 19 رنز بنائے، اسمتھ نے 11رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔

گلیڈی ایٹرز کی پہلی وکٹ صفر پر گری جب احمد شہباز آؤٹ ہوئے، دوسری وکٹ 34 رنز پر شین واٹسن کی گری جبکہ 71 رنز پر روسوو کے آؤٹ ہونے پر ٹیم کو تیسرا نقصان اٹھانا پڑا۔

پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے چوتھے کھلاڑی سرفراز احمد کو 133 رنز پراس وقت آؤٹ کیا جب ان کا اسکور 37 رنز تھا۔ 

پشاور زلمی کی جانب سے وہاب ریاض نے اچھی بولنگ کرتے ہوئے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا،جبکہ حسن علی اور عمید آصف نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

قبل ازیں دبئی میں کھیلے جانے والے پی ایس ایل فور کے میچ میں پشاور زلمی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 156 رنز کا ہدف دیا تھا۔

پشاور زلمی کے اوپنرز اچھا آغاز نہ دے سکے اور صرف 13رنز پر فلیچر ایک رن بناکر محمد عرفان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔اس کے بعد کامران اکمل اور صہیب مقصود نے دوسری وکٹ کی شراکت میں قیمتی 64رنز کا اضافہ کیا۔

کامران اکمل 36گیندوں پر 49رنز بناکر محمد نواز کو وکٹ دے بیٹھے جبکہ صہیب مقصود نے 90 کے مجموعی اسکور پر پویلین کی راہ لی جبکہ کائرون پولارڈ عمر اکمل کو کیچ دے بیٹھے، وہ صرف تین رنز ہی بناسکے۔

مصباح الحق نے 32 گیندوں پر2 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 49رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ ڈاؤسن 21 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے محمد نواز نے دو جبکہ محمد عرفان جونیئر اور غلام مدثر نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

دبئی میں کھیلے گئے اس  میچ میں گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔

تازہ ترین