• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپرلیگ، سلطانز کی سلطنت پر کنگز کا پہلا کامیاب وار، کراچی 7 رنز سے فتح یاب

دبئی(عبدالماجد بھٹی/ نمائندہ خصوصی) پاکستان سپر لیگ میں کراچی کنگز کا ملتان سلطانز کی سلطنت پر پہلاوار کامیاب رہا ۔ کراچی نے ایونٹ کا دوسرا اور اپنا پہلا میچ سات رنز سے جیت لیا۔ 


میچ کے دوران کئی نشیب و فراز آئے لیکن فاسٹ بولر محمد عامر نے25رنز دے کر چار وکٹ لئے اور اپنی ٹیم کو جیت سے ہمکنار کرادیا۔ فاسٹ بولر سہیل خان نےچار اوورز میں57رنز دے کر دو وکٹ حاصل کئے۔ ملتان کی ٹیم نئی انتظامیہ کے ساتھ پہلا میچ کھیل رہی تھی ۔ کپتان شعیب ملک نے 24گیندوں پر نصف سنچری بنائی وہ اپنی ٹیم کو جیت کے قریب لانے کے باوجود میچ فنش نہ کرسکے۔ شعیب ملک کا کہنا ہے کہ ہم نے چند چوکے کم مارے جو شکست کا سبب بنے۔ کراچی نے چھ وکٹ پر183رنز بنائے جواب میں ملتان کی ٹیم9 وکٹ پر176رنز بناسکی۔ کپتان شعیب ملک نے لاری ایونز کے ساتھ زبردست بیٹنگ کی۔ شعیب نے روی بوپارا کے اوور میں 24 رنز بھی بٹورے جس میں 4 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا ۔انہوں نے 24 گیندوں پر 5 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے نصف سنچری مکمل کی ۔ ایونز 49 کی اننگز کھیل کر رن آؤٹ ہوگئے۔ آندرے رسل نے محمد عامر کو چھکا رسید کرکے اپنے خطرناک عزائم ظاہر کیے لیکن اگلی ہی گیند پر عامر نے انہیں 9 رنز پر پویلین واپس بھیج دیا ۔ اگلے ہی اوور میں شعیب ملک بھی 52 رنز کی اننگز کھیل کر عثمان شنواری کا شکار بن گئے۔ شاہد آفریدی اور حماد اعظم نے 17ویں اوور میں سہیل خان سے 20 رنز بٹور کر کامیابی کی امید بڑھائی لیکن محمد عامر نے پہلے شاہد آفریدی اور پھر حماد اعظم کو واپس پویلین بھیج کر ملتان سلطانز کی بیٹنگ لائن کا صفایا کردیا۔ سہیل خان نے 2جب کہ عثمان شنواری اور عمر خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ ملتان سلطانز کی جانب سے شان مسعود اور ٹام مورس نے اننگز کا آغاز کیا۔ دوسرے ہی اوور میں ٹام مورس ایک رن بنا کر محمد عامر کی گیند پر آئوٹ ہوئے۔ دوسرے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی شان مسعود تھے جو 20 رنز بنا کر عمر خان کی گیند پر محمد عامر کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔ جمعہ کی دوپہر ٹاس کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، کراچی نے مقررہ20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 183کا ٹوٹل حاصل کیا۔ لیام لیونگ اسٹون اور بابراعظم نے اننگز کا آغاز کیا اور 157 رنز کی عمدہ شراکت قائم کی جو کراچی کنگز کی تمام سیزن کی اب تک کی سب سے بڑی پارٹنرشپ ہے۔ لیام لیونگ اسٹون نے چھ چوکوں اور چھ چھکوں کی مدد سے82 اور بابر اعظم نے چھ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 77رنز بنائے۔ اس سے قبل پاکستان سپر لیگ کی تاریخ میں سب سے بڑی پارٹنرشپ153رنز2017 میں شرجیل خان اور شین واٹسن نے شارجہ کے مقام پر بنائی تھی۔ سلطانز کی جانب سے کرس گرین 3 وکٹیں لے کر نمایاں رہے جبکہ جنید خان اور آندرے رسل نے بھی ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

تازہ ترین