• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اوورسیزپاکستانی مقامی پارلیمنٹ اور سرکاری اداروں تک کشمیر کاز کو پہنچائیں، وزیراعظم آزادکشمیر

بارسلونا (شفقت علی رضا) گزشتہ برسوں کی نسبت اس سال دُنیا بھر میں کشمیر کاز کو جس طرح اجاگر کیا گیا ہے اس کا مقبوضہ کشمیر کے عوام کو بہت فائدہ ہوگا، کشمیر میں بھارتی فوج کے حالیہ مظالم نے دُنیا کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے، اوورسیز پاکستانیوں کو چاہیے کہ وہ جس ملک میں رہتے ہیں وہاں کی پارلیمنٹ تک کشمیر کاز کو پہنچائیں، ان خیالات کا اظہار وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے بارسلونا ائر پورٹ پر نمائندہ جنگ کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا، انہوں نے کہا کہ مغربی ممالک کے عوام بھی اپنے سینے میں دل رکھتے ہیں اور انسانیت کی قدر کرتے ہیں وہ بھی کشمیر میں ہونے والے مظالم اور بربریت پر چیخ چیخ کر انڈیا پر زور دے رہے ہیں کہ وہ کشمیر سے فی الفور اپنی فوج نکالے اور کشمیریوں کو ان کی مرضی کے مطابق جینے کا حق دے کیونکہ آزادی ہر شخص کا پیدائشی حق ہے، راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی جس ملک میں مقیم ہیں انہیں چاہیے کہ وہ مقامی پارلیمنٹ اور سرکاری اداروں تک کشمیر کاز کو پہنچائیں تاکہ یہ آواز جب مغربی ایوانوں میں بلند ہوگی تو انڈیا حکومت پر اس کا خاطر خواہ اثر پڑے گا، وزیر اعظم آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ کشمیر میں ہونے والی موجودہ شہادتوں اور مظالم نے دنیا کی بڑی طاقتوں اور یو این او کو جھنجھوڑا ہےاور وہ وقت دور نہیں جب کشمیریوں کی قربانیوں کے عوض مقبوضہ کشمیر میں آزادی کا سورج طلوع ہوگا، انہوں نے کہا کہ اسپین میں دو دن یوم یکجہتی کشمیر کانفرنسز ہوں گی جہاں ہم کشمیر کاز کو اجاگر کریں گے، واضح رہے کہ یوم یکجہتی کشمیر کانفرنس کل ندائے پاکستان ایسوسی ایشن اور پرسوں ویلنسیا میں پاک ویلنسیا ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام ہوگی جس میں وزیراعظم آزاد کشمیر خصوصی شرکت کریں گے، کانفرنس میں کشمیری اور پاکستانی کمیونٹی سمیت مقامی ہسپانوی اتھارٹیز، سفیر پاکستان خیام اکبر اور قونصل جنرل بارسلونا عمران علی بھی شریک ہوں گے، یوم یکجہتی کشمیر کانفرنس میں شرکت کے لئے وزیر اعظم آزاد کشمیر جب بارسلونا ائر پورٹ پہنچے تو وہاں ان کا استقبال کرنے والوں میں راجہ سونی، امتیاز آکیہ، میاں اظہر، راجو الیگزینڈر، حاجی اسد حسین، رضوان کاظمی، راجہ بابر ناصر، ثاقب طاہر، نامدار اقبال خان اور دوسرے کشمیری اور پاکستانی کمیونٹی کے معززین شامل تھے۔
تازہ ترین