لندن (جنگ نیوز) لندن میں پاکستان کے ہائی کمشنر نفیس زکریا نے منسٹر آف سٹیٹ فار ایشیا اینڈ پیسفک مارک لائل فیلڈ ایم پی سے ملاقات کی۔ ان کے ساتھ فارن اینڈ کامن ویلتھ آفس (ایف سی او) کی پاکستانی ٹیم کے ارکان بھی تھے۔ منسٹر مارک فیلڈ نے پاکستانی ہائی کمشنربرائے برطانیہ نفیس زکریا کا خیرمقدم کرتے ہوئے انہیں فرائض کی انجام دہی کے دوران ہر ممکن تعاون اور دیرینہ دو طرفہ باہمی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ مسٹر فیلڈ نے کہا کہ ان کی حکومت پاکستان کے ساتھ باہمی اقتصادی تعلقات خاص طور پر ٹریڈ اور انویسٹمنٹ کے ذریعے مزید مستحکم کرنے کی خواہاں ہے۔ انہوں نے برطانیہ میں مقیم پاکستانی ڈیاسپورا کو دونوں ملکوں کے تعلقات میں مضبوط پل قرار دیا اور اس کی کاوشوں کو سراہا۔ پاکستانی ہائی کمشنز نفیس زکریا نے برطانوی منسٹر آف سٹیٹ فار ایشیا اینڈ پیسفک مارک فیلڈ ایم پی کو پاکستانی حکومت کی ترجیحات، غیرملکی تعلقات کے فروغ کیلئے پالیسی اپروچ، ریجن میں امن اینڈ سیکورٹی جبکہ داخلی سطح پر اقتصادی اصلاحات، گورننس اور عوام کی سماجی و اقتصادی ترقی کے منصوبوں سے آگاہ کیا۔ فریقین نے باہمی دل چسپی کے امور، ریجنل ایشوز اور حالیہ پیشرفت کے حوالے سے بھی بات چیت کی۔