• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بریگزٹ سے قبل امیگریشن بل کی منظوری غلطی ہوگی، مظہر اسلم

مانچسٹر (غلام مصطفیٰ مغل) ماہر قانون میاں اظہر اسلم سالیسٹر نے جنگ لندن کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ حکومت بریگزٹ سے قبل برطانیہ کی امیگریشن پالیسی کے حوالے سے بل منظور کرانے کی کوشش کررہی ہے، لیکن یہ کوشش بہت ہی خوفناک غلطی ثابت ہوگی اور اس سے پہلے سے وسائل کی کمی کے شکار ہسپتال اپنے وسائل سے محروم ہوجائیں گے، میاں مظہر اسلم کا کہناتھا کہ امیگریشن وائٹ پیپر کا حشر بھی برطانیہ میں ہونے والے یورپی شہریوں کے ساتھ آنے والے ونڈرش اسکینڈل جیسا ہی ہوگا، برطانیہ میں رہنے والے یورپی باشندے اپنی شہریت کے حوالے سے گومگوں کا شکار رہیں گے۔ تھنک ٹینک کا کہنا ہے کہ اگر دارالعوام نے اس کی منظوری دے دی تو اس سے نرسوں کی کمی ہوجائے گی۔ تھنک ٹینک نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اس بل میں مائیگرنٹس کی تنخواہ30ہزار پونڈ ضروری قرار دیا گیا ہے، جس کی وجہ سے بیرون ملک سے آنے والی بہت سی نرسوں کو واپس جانا ہوگا اور اگر ایسا ہوا تو اس کی وجہ سے بہت سے ضعیف العمر افراد کی دیکھ بھال کرنے والا کوئی نہیں ہوگا۔ ماہر قانون نے وضاحت کی کہ اس بل کے بہت سے مثبت پہلو بھی ہیں لیکن اس میں متعدد امور انتہائی پیچیدہ اور مبہم تاثر پیدا کرتے ہیں اور ہمارے ملک کا تاثر خراب ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بریگزٹ کے بعد ملک میں بیروزگاری، مہنگائی میں بھی اضافہ ہوگا، افرادی قوت میں کمی کے سبب مشکلات میں بھی اضافہ ہوگا، اگر ملکی اکنامی کی جانب بڑھتے چیلنجز پر توجہ نہ دی گئی تو عوام سڑکوں پر آنے پر مجبور ہوجائیں گے۔ تمام سیاسی جماعتوں کو ملکی مفادات مدنظر رکھنے چاہئیں، تاکہ ملک کا نقصان نہ ہو۔
تازہ ترین