• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان میں اوسطاً دس ہزار بچوں میں کینسر کی تشخیص ہوتی ہے،ڈاکٹراحمر

کراچی(جنگ نیوز)جیو کے پروگرام ’’جیو پاکستان‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے رہنما تحریک انصاف اور رکن قومی اسمبلی صداقت علی عباسی نے کہا کہ شہباز شریف کی رہائی کے فیصلے کے بعد پی اے سی چیرمین شپ کے لیے ہمارا موقف کمزور ہوا ہے کہ انھیں چیئرمین شپ چھوڑنی چاہیے دوسری جانب ن لیگ کی کامیابی ہوئی ہے، شہباز شریف کی رہائی ہو یا علیم خان کی گرفتاری ہو ہماری جماعت میں سے کوئی بھی عدالتوں کوبرا بھلا نہیں کہے گا۔سانحہ ساہیوال متاثرہ فیملی کے وکیل بیرسٹر احتشام الدین نے کہا کہ ہائی پروفائل کیس ہے ہائی کورٹ یا سپریم کورٹ کے جج سے اس کی انکوائری کرائی جاتی تو متاثرہ خاندان کو زیادہ اطمینان ہونا تھا۔معروف کیرئیر کونسلر سید عابدی نے کہا کہ سات ہزار ایجوکیشنل اور ٹریول ایجنٹس اسٹڈی ویزے میں مشاورت اور کنسلٹنسی دیتے اور پچاس ہزار سے پانچ لاکھ روپے لوگوں سے ویزا کنسلٹنسی کی مد میں لیتے ہیں ، ہائر ایجوکیشن یہ مسئلہ دیکھے ادارے ایک پالیسی بنائیں، ہر ادارے کو کنسلٹنسی کا لائسنس جاری کرنا چاہیے اس سے غیر قانونی طور پر بیرون ملک جانے کی حوصلہ شکنی ہو گی بیرونی یونیورسٹیوں کو حقیقی طالب علم مل سکیں گے۔ کینسر اسپیشلسٹ ڈاکٹراحمر حامد نے کہا کہ پاکستان میں اوسطاً آٹھ سے دس ہزار بچوں میں کینسر کی تشخیص ہوتی ہےمگر یہ تشخیض بہت دیر بعد ہوتی ہے جب تک مرض شدت اختیار کرچکا ہوتا ہے بچوں میں کینسر کے حوالے سے عام طور پر یہ کہا جاتا ہے کہ یار بچے کو بھی کینسر!!۔ لوگ پہلا سوال یہ کرتے ہیں کہ ڈاکٹر صاحب بچوں میں بھی کینسر ہوتا ہے؟ ہاں ہوتا ہے اس سے متعلق ہوشیار رہنا چاہئے۔سینئر صحافی شہباز رانا،ادیب اور ماہر تعلیم مشرف علی فاروقی،پیپلزپارٹی کی رہنما پلوشہ خان، رہنما تحریک انصاف شاندانہ گلزار نے بھی گفتگو میں حصہ لیا۔مرزا اسد اللہ خان غالب کی 149برسی پر ان کو جیو پاکستان میں ٹریبیوٹ پیش کیا گیا ۔ مرزا غالب 27دسمبر 1797 میں آگرہ میں پیدا ہوئے انیسویں صدی کو غالب کی صدی قرار دیا گیا ہے ۔ پانچ سال کی عمر میں والد کی وفات کے بعد غالب کی پرورش چچا نے کی، چار سال بعد چچا کاسایہ بھی سر سے اٹھ گیا یہ وہ وقت تھا جب مغلیہ سلطنت اپنی آخری سانسیں لے رہی تھی ۔ مرزا غالب کی تمام عمر تنگ دستی می گزری یہ سب ان کی شاعری میں نظر بھی آتا ہے ۔غالب نے روایت توڑتے ہوئے آسان سادہ لفظ استعمال کیے۔سندھ میں سرکاری اسکولوں کے اساتذہ سائنس اور ریاضی سے ناواقف ہیں اس موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے ادیب اور ماہر تعلیم مشرف علی فاروقی نے کہا جب بھی ایسا معلوم ہوتا ہے تو اس وقت ایک بھگدڑک کی سی صورتحال پیدا ہوتی ہے ہر سال دو سال بعد یہ چیزیں ہوتی ہیں اس کے سد باب کے لیے ہم جلد بازی میں کام نہیں کرنا چاہیے۔ ہر صوبے کے ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کو اس سنگین مسئلے پر ایک جامع پالیسی بنانی چاہیے۔ سندھ سمیت دیگر صوبوں میں تعلیم پر اتنی توجہ نہیں جتنی ہونی چاہیے۔امریکا کے اگلے صدارتی انتخابات کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی نژاد امریکی سیاست دان نے کہا امریکا میں ایک تقسیم پیدا کی جارہی ہے جس کی سب سے زیادہ ذمے داری صدر ٹرمپ پر جاتی ہے۔ امریکا میں صدر ٹرمپ مقبول ہیں جو وہ چیزیں کررہے ہیں لیکن اس بار اقلیتی ووٹ اہم ہوں گے ان ریاستوں میں جن میں جیت کا تناسب بہت کم تھا ۔ ڈیموکریٹس کے ممکنہ صدارتی امیدوار ایلزبتھ وارن اور کمالا ہیرس کے بار ے میں انھوں نے اپنی رائے دیتے ہوئے کہا ایلزبتھ وارن ایک ٹف ٹائم دیں گی ۔
تازہ ترین