• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا کی بھارتی فوج پر وحشیانہ حملے کی مذمت

اسلام آباد /واشنگٹن (جنگ نیوز /واجد علی سید) پلوامہ میں بھارتی فوج پر حملے کے بعد جاری بیان میں امریکی وہائٹ ہاؤس پریس سیکریٹری نے کہا کہ امریکا بھارتی فوج پر اس وحشیانہ حملے کی پر زور مذمت کرتا ہے جس میں 40 سے زائد فوجی ہلاک اور 44 کے قریب زخمی ہوئے، امریکا پاکستان سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ فوری طور پر اپنی سرزمین پر فعال دہشت گرد گروہوں کی حمایت اور دی گئی محفوظ پناہ گاہیں ختم کرے جن کا مقصد خطے میں صرف افراتفری، تشدد اور دہشت پھیلانا ہے۔ وہائٹ ہاؤس کا مزید کہنا تھا کہ یہ حملہ امریکا اور بھارت کے درمیان انسداد دہشت گردی تعاون اور ہم آہنگی کو مضبوط بناتا ہے۔ بیان میں سفاک حملے کا شکار بھارتی فوجیوں کے خاندان، بھارتی حکومت اور بھارتی عوام سے گہرے دکھ کا بھی اظہار کیا گیا ہے۔ محکمہ خارجہ نے ایک الگ بیان میں کہا کہ اقوام متحدہ کی جانب سے نامز کردہ دہشت گروپ جیش محمد نے اس مکروہ عمل کی ذمہ داری قبول کی ہے، اس لئے تمام ممالک اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادوں پر ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشت گرد گروہوں کو محفوظ پناہ گاہ دینے اور ان کی حمایت سے انکار کریں۔ دوسری جانب پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم شروع دن سے بھارت سمیت تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ بہتر تعلقا ت کے خواہاں رہے ہیں، وزیر اعظم عمران خان کا بیان بھی ریکارڈ پر ہے کہ بھارت کو بھی پاکستان پر بلا جواز الزامات لگانے سے اجتناب کرنا چاہیے۔ 

تازہ ترین