اسلام آباد(اے پی پی‘این این آئی) سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان وزیراعظم عمران خان کی دعوت پر (کل)اتوار کو پاکستان کے دو روزہ دورہ پر پہنچیں گے‘ شہزادہ محمد بن سلمان اور ان کے وفد کے تاریخی استقبال کے لئے تمام تر تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں‘وزیراعظم عمران خان اور کابینہ کے سینئر ارکان سعودی ولی عہد کا ایئرپورٹ پر استقبال کریں گے‘ سعودی ولی عہد کا پاکستان آمد پر فقید المثال خیر مقدم کیا جائے گا اور انہیں 21 توپوں کی سلامی دی جائے گی۔ سعوی ولی عہد کے دورے کے دوران سیکورٹی کے سخت اور فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔ان کے ہمراہ سعودی شاہی خاندان کے ارکان، کلیدی وزراءاور ممتاز کاروباری شخصیات سمیت اعلیٰ اختیاراتی وفد بھی ہو گا ۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان کی تاریخیں تبدیل کر دی گئی ہیں اور اب وہ (کل)17 فروری کو پاکستان پہنچیں گے۔دفتر خارجہ کے مطابق شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کے دوران ملاقاتوں کے شیڈول میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی ہے اور وہ اپنے شیڈول کے مطابق پاکستانی حکام سے ملاقاتیں کرینگے۔ قبل ازیں شہزادہ محمد بن سلمان نے (آج) 16 تاریخ بروز ہفتہ کو پاکستان پہنچنا تھا ۔ تفصیلات کے مطابق شہزادہ محمد بن سلمان اپنے دورے کے دوران صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات کریں گے۔ سعودی ولی عہد وزیراعظم عمران خان اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بھی ملاقات کریں گے۔ پاکستان کی سینیٹ کا ایک وفد بھی ولی عہد سے ملاقات کرے گا جس میں دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی تعاون کے فروغ کے طریقوں پر بات چیت ہو گی۔ سعودی ولی عہد کے ہمراہ وزراءبھی اپنے شعبوں میں دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کے لئے اپنے پاکستانی ہم منصبوں سے ملاقات کریں گے۔