• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قبائلی علاقوں میں آپریشن کیخلاف تھا، بہت مشکل وقت سے نکل آئے، سعودی سرمایہ کاری سے قرض واپس کرسکیں گے، عمران خان

پشاور (خبرایجنسی)وزیرا عظم عمران خان نے کہا ہے کہ قبائلی علاقوں میں آپریشن کیخلاف تھا،بہت مشکل وقت سے نکل آئے، سعودی سرمایہ کاری سے قرض واپس کرسکیں گے،سعودی شہزادے کا دورہ سرمایہ کاری کیلئے اہم ،روزگار کے مواقع پیدا ہو نگے ، ترقی و خوشحالی کیلئے تاریخی اقدامات کرینگے، قبائلی اضلاع کے عوام کی تیز تر ترقی پہلی ترجیح ہے،وفاق اور صوبہ مل کر قبائلی اضلاع کی پائیدار ترقی اور لوگوں کی محرومیاں دور کرنے کیلئے ایک وسیع اور کل وقتی ترقیاتی عمل کے ذریعے اقدامات اُٹھا ئیں گے، بہتر اور مربوط سکیورٹی اقدامات کے نتیجے میں امن کا احیاءہو چکاہے ، سابقہ فاٹاکے تمام لوگوں کو صحت انصاف کارڈ دیں گے جس سے وہ سالانہ 7 لاکھ 20 ہزار روپے تک کے مفت علاج معالجے کی سہولت سے استفادہ کر سکیں گے ، صوبائی وزراءقبائلی علاقوں کا دورہ کریں اور اپنے محکموں کی وہاں تک توسیع اور وسعت کی خود نگرانی کریں، قبائل کی آبادکاری ، تعمیر نو اور روزگار کے ذرائع پیدا کرکے ان کی پائیدار ترقی کی سمت کی طرف چل نکلے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعظم نے اپنے ایک روزہ دورہ پشاور کے دوران تین مختلف اجلاسوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وزیر اعظم نے پہلا اجلاس وزیراعلیٰ محمود خان اور گورنر خیبر پختو نخو ا شاہ فرمان کے ساتھ کیا ، دوسرا اجلاس ایپکس کمیٹی جس میں نئے شامل ہونے والے اضلاع سمیت پورے صوبے میں سکیورٹی صورتحال اور نو تشکیل شدہ ایڈوائزی کمیٹی کی سمت کا تعین اور کام کا جائزہ لیا گیا جبکہ تیسرے اجلاس میں وزیراعظم نے صوبائی وزراءکے ساتھ اجلاس کی صدارت کی ۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے وزیرا عظم کو صوبہ خیبرپختونخوا میں سابقہ فاٹا کے نئے اضلا ع کے صوبے میں انضمام کے نتیجے میں ہونے والی پیشرفت پر تفصیلی بریفینگ دی ۔

تازہ ترین