• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اصغرخان کیس،عدالت ایف آئی اے اور وزارت دفاع کی رپورٹوں کا جائزہ لینے کے بعد ہی فیصلہ کریگی ،سپریم کورٹ کاعبوری حکمنامہ

اسلام آباد(نمائندہ جنگ)سپریم کورٹ نے اصغر خان کیس کا11 فروری کی سماعت سے متعلق عبوری حکمنامہ جاری کردیا ہے ۔جمعہ کے روز جاری کئے گئے حکمنامہ کے مطابق عدالت نے لکھا ہے کہ وزارت دفاع کی جانب سے بیان دیا گیا ہے کہ ملوث فوجی افسران کے خلاف افواج پاکستان کی کورٹ آف انکوائری کی کارروائی چل رہی ہے اور وہ شواہد اکٹھے کررہی ہے ،عدالتی حکم نامہ پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے، کارروائی مکمل کرنے کے لیے مزید وقت دیا جائے۔جس پر عدالت نے وزارت دفاع کی استدعا منظور کرتے ہوئے اسے 4 ہفتوں کے اندر اندر کارروائی مکمل کر کے رپورٹ عدالت میں پیش کرنے کا حکم جاری کیا ہے ۔عدالت نے لکھا ہے کہ ایف آئی اے نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ اس کی تحقیقات بند گلی میں داخل ہوگئی ہیں اوراس معاملے پر مزید کارروائی ممکن نہیں ہےتاہم عدالت ایف آئی اے اور وزارت دفاع کی رپورٹوں کا جائزہ لینے کے بعد ہی فیصلہ کرے گی ،عدالت نے قرار دیا ہے کہ عدالت اس بات کا بھی جائزہ لے گی کہ آیا کہ عدالت کے مرکزی حکمنامہ پر اس کی روح کے مطابق عمل ہوا ہے یا نہیں؟جس کے بعد غور کریں گے کہ اس معاملے پر مزید کیا کارروائی کرنے کی ضرورت ہے ۔یاد رہے کہ جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں قائم 3 رکنج بینچ نے11 فروری کو کیس کی سماعت کی تھی۔کیس کی مزید سماعت 4ہفتوں بعد ہوگی۔
تازہ ترین