• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

بلاک بسٹر فلم”لوڈ ویڈنگ “ آج ”جیو ٹی وی“ پر دِکھائی جائیگی


کراچی ( محمد ناصر) شادی بیاہ اورجہیز کے موضوع پر بنائی گئی سپر ہٹ فیملی فلم ”لوڈ ویڈنگ“ ہفتے کی شب8 بجے پاکستان کے سب سے مقبول انٹرٹینمنٹ چینل ”جیو ٹی وی“ سے دِکھائی جائے گی۔

 سوشل ، میوزیکل اور رومانٹک فلم گذشتہ برس بڑی عید پر ملک بھر میں فلم والا پکچرز اور ”جیو فلمز“ کے تعاون سے ریلیز کی گئی تھی جس نے زبردست کامیابی حاصل کی تھی۔ 

خاندانی میل جول، نوک جھونک، عشق میں ناکامی، بارات کا ہنگامہ، شادی بیاہ کا سیاپا، ڈھول، ڈھمکا ، کامیڈی، رومانس اور پاکستانی کلچر کے خوبصورت رنگوں سے سجی اس فلم نے حال ہی میں راجستھان فلم فیسٹیول 2019 میں ”بہترین فیچر فلم “ کا عالمی ایوارڈ بھی اپنے نام کرلیا ہے۔ 

شادی کے خوبصورت بندھن اور جہیز سمیت کئی رسومات پر دِل جھنجھوڑ دینے والی فلم کے مرکزی کردار معروف اداکار فہد مصطفی اور ادکارہ مہوش کی نیچرل اداکاری ، دونوں آرٹسٹوں کے رومانس اور کامیڈی کو بھی عوام نے بے حد پسند کیا۔ 

اس فلم میں پانچ گانے ہیں ، فلم میں بھنگڑے کا خاص عنصر بھی شامل کیا گیا تھا جس نے فلم میں چار چاند لگائے، ہر گیت ایک سے بڑھ کر ایک اور جھومنے پر مجبور کر دینے والا ہے، فلم کی موسیقی کو معروف موسیقار شانی ارشد نے ترتیب دیا ہے ۔ 

اس فلم کے ہدایتکار نبیل قریشی ہیں۔ یاد رہے ہدایتکار نبیل قریشی، مہوش حیات اور فہد مصطفی کے ٹرائیکا کی یہ تیسری فلم تھی جو سپر ہٹ ہوئی جس کا ہفتے کی شب ”جیوٹی وی“ پر ورلڈ ٹی وی پریمیئر ہورہا ہے۔

تازہ ترین