• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سلینا گومز کو آپ نے اکثر سیدھے بالوں کے ساتھ پرفارم کرتے دیکھا ہوگا لیکن اس کے قدرتی بال گھنگریالے ہیں۔ اسی طرح ٹیلر سوئفٹ بھی اپنا بچپن اور ٹین ایج کا زمانہ گھنگریالے بالوں کے ساتھ گزار چکی ہے۔ ریٹا اورا بھی کبھی کبھی اپنے قدرتی گھنگریالے بالوں کے ساتھ نظر آتی ہے۔ بیونسے اپنے قدرتی گھنگریالے بالوں کے ساتھ خوش رہتی ہے اور انہیں نت نئے اسٹائل دیتی رہتی ہے۔ بلیک لائیولی کے بال بھی گھنگریالے ہیں اور شکیرا تو شکر ادا کرتی ہے کہ اس کے بال گھنگریالے ہیں ورنہ وہ یہ اسٹائل اپنانے کیلئے جتن کرتی رہتی۔ بالی ووڈ میں سب سے مشہور اداکارہ کنگنا رناوٹ ہے، جو اکثر فلموں میں گھنگریالے بالوں کے ساتھ جلوہ گر ہوتی ہے ۔ اس کے علاوہ کرن رائو (مسز عامر خان) اور نیہا کاکڑ بھی قدرتی طور پر گھنگریالے بالوں کی مالک ہیں۔

عجیب بات یہ ہے کہ جن خواتین کے بال قدرتی طور پر گھنگریالے ہیں، وہ انھیں سیدھے کرنے کیلئےجتن کرتی رہتی ہیں اور جن کے بال سیدھے ہیں وہ انھیں کرل کرواکر نت نئے فیشن اسٹائلز اپناتی رہتی ہیں جیسے کہ پریانکا، کترینہ کیف ، مادھوری ڈکشٹ ، ملائکہ اروڑا خان وغیرہ وغیرہ۔ ہم یہاں یہ بھی وثوق سے کہہ سکتے ہیں کہ اس مضمون کا مطالعہ کرنے والی خواتین نے بھی کبھی نہ کبھی اپنے بالوں کو کرلی یا اسٹریٹ کروایا ہوگا ، یا اس بارے میں سوچا ضرور ہوگا۔ اس ضمن میں کہنا بس یہی ہے کہ آپ کے بال اگر گھنگریالے ہیں تو پریشانی کی کوئی بات نہیں، آپ ان کی بآسانی دیکھ بھال بھی کرسکتی ہیں اور نت نئے انداز اختیار کرسکتی ہیں ۔ اس کے لئے ڈرماٹولوجسٹ کچھ مشورے دیتے ہیں۔

تیل

گھنگریالے بال جلدی خشک ہو کر خراب لگنے لگتے ہیں۔ انہیں نمی اور موئسچرازر کی صحیح مقدار فراہم کر کے اپنی اصل حالت میں لایا جا سکتا ہے۔ گھنگریالے بالوں کے لئے بہترین تیل ناریل کا تیل ہے۔ یہ تیل بالوں میں نمی جذب کر کے انہیں لچکدار اور پُر رونق بناتا ہے۔

برش

گھنگریالے بالوں میں برش کرتے وقت بھی احتیاط کرنی چاہیے۔ گیلے بال زیادہ لچکدار ہوتے ہیں۔ اس لئے اگر ان میں برش استعمال کیا جائے گا تو یہ آسانی سے کمزور ہو کر ٹوٹ جائیں گے۔ جبکہ بالکل خشک بالوں کے بھی ٹونے اور پھول جانے کا امکان رکھتے ہیں۔ اس لئے گھنگریالے بالوں کو صرف اس وقت برش کریں جب وہ ہلکے سے نم ہوں۔

کنگھی

گھنگریالے بالوں میں باریک کنگھی کا استعمال کبھی بھی نہ کریں۔ باریک کنگھی گھنگریالے بالوں کے چھلوں میں پھنس کر انہیں توڑ دے گی۔ گھنگریالے بالوں کو سلجھانے کے لئے موٹے کنگھے کا استعمال کرنا چاہیے۔ اس سے زیادہ بہتر انتخاب ہاتھوں کی انگلیاں ہیں۔ اس کے علاوہ کبھی بھی گھنگریالے بالوں کو جڑوں سے لے کر سروں تک کنگھی یا برش نہ کریں۔

بلو ڈرائی

گیلے بالوں کو خشک کرنے کے لئے ہیر ڈرائیر کا استعمال کیا جاتا ہے۔ لیکن گھنگریالے بالوں میں کبھی بھی ہیئر ڈرائیر بنا ڈِفیوزر کے استعمال نہ کریں۔ ڈِفیوزر بالوں کو مناسب ہوا پہنچانے میں مدد کرے گا اور انہیں پھول جانے سے بھی روکے گا۔

شیمپو

گھنگریالے بالوں میں ضرورت سے زیادہ شیمپو کرنے سے ان کی چمک اور نمی ختم ہو جاتی ہے۔ اس لئے ان میں شیمپو استعمال کرتے وقت بالوں کی لمبائی اور سروں سے زیادہ صرف جڑوں پر دھیان دیں۔ شیمپو کے بعد گھنگریالے بالوں پر اچھی طرح کنڈیشنر استعمال کرنا نہ بھولیں۔

گھنگریالے بالوں کے چند انداز

اگر آپ کے بال گھنگریالے ہیں تو انہیں اوپر اٹھا کر پونی ٹیل میں باندھ لیں۔ اس سے نہ صرف بال خوبصورت لگتے ہیں بلکہ چہرے کے نقوش بھی تیکھےاور دلکش محسوس ہوتے ہیں ۔

لمبے بالوں سے پریشان خواتین بوب ہیئرا سٹائل اپنا کر حسین و نوجوان نظر آ سکتی ہیں ۔ باب ہیئر کٹ میں کندھوں سے کچھ اوپر تک بالوں کی لمبائی رکھی جاتی ہے اگر آپ کے بال سیدھے ہیں تو انہیں گھونگریالے انداز میں سجا لیں، بال اور زیادہ دلکش نظر آئیں گے لیکن اگر آپ باب کٹ کو اپنے لیے زیادہ ہی مختصر سمجھتی ہیں تو لانگ باب ہیئر سٹائل آپ کی مشکل حل کر سکتا ہے۔ لانگ باب میں بالوں کی لمبائی کندھوں سے چند انچ نیچے رکھی جاتی ہے ۔ چھوٹے بالوں کا ایک اور بہترین اسٹائل ٹاپ ناٹ ہے، یہ بے حد مقبول ہیئر ٹرینڈ بھی ہے۔ بالوں کو سمیٹ کر سر پر جوڑا بنا لینا سننے میں جتنا عام ہے دیکھنے میں اتنا ہی خاص ہوتا ہے ۔ اس طرح موسم گرما میں بال سمٹے رہتے ہیں اورانھیں سنبھالنا بھی مشکل نہیں ہوتا ۔

تازہ ترین