• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاک بحریہ اور ترکش نیوی کی باہمی مشق کا انعقاد


پاک بحریہ اور ترکش نیوی کی باہمی مشق ’’ ترگیٹیریز III-‘‘کا انعقاد کیا گیا، پاک بحریہ کے زیر اہتمام منعقد ہونے والی کثیرالملکی میری ٹائم مشق ’’امن 2019‘‘ میں شرکت کے لئے ترکش نیوی کا جہاز ٹی سی جی گو کسیڈا (GOKCEADA ) 7فروری 2019 کو کراچی پہنچا تھا۔

بحری مشق امن کے اختتام پر ترکش نیوی کے جہاز نے پاک بحریہ اور ترکش نیوی کی باہمی مشق ’’ ترگیٹیریزIII- ‘‘ میں حصہ لیا۔ یہ مشق ترگیٹیریز مشقوں کے سلسلے کی تیسری مشق تھی۔ پہلی اور دوسری مشق پاکستان اور ترکی کے سمندروں میں منعقد ہو چکی ہیں۔

پاک بحریہ کے جہازوں عالمگیر ، اصلت اور لانگ رینج میری ٹائم ایئر کرافٹ نے اس مشق میں حصہ لیا۔

دونوں ممالک کی بحری افواج کے آفیسرز و جوانوں نے مشق سے بھر پور استفادہ کیا جس کے ہاربر فیز کے دوران عصرِ حاضر کے بحری جنگی حربوں بشمول میری ٹائم سکیورٹی لائحہ عمل ، پیشہ ورانہ تجربات اور باہمی اشتراک کے مختلف شعبوں پر تبادلہ خیال ہوا۔

ہاربر فیز کے بعد سمندر میں مختلف بحری جنگی چالوں پر مشتمل مشقوں کا انعقاد ہوا جنہوں نے پاک بحریہ اور ترکش نیوی کے آفیسرزو جوانوںکو حربی مہارتوں کو یکجا کرنے اور مشترکہ آپریشنز کرنے کی صلاحیتوں میںاضافے کا بھر پور موقع فراہم کیا۔

پاکستان اور ترکی کے درمیان گہرے روابط قائم ہیں جو مذہبی اور ثقافتی نسبت پر مبنی ہیں۔ پاکستان اور ترکی کی مسلح افواج مختلف سرگرمیوں میں حصہ لیتی رہتی ہیں۔ اس ضمن میں دونوں ممالک کی بحری افواج مختلف پیشہ ورانہ سرگرمیوں میں شریک ہوتی ہیں جن میں کثیرالملکی اور دو طرفہ مشقیں شامل ہیں۔

ترکش نیوی سال 2007 سے پاک بحریہ کی جانب سے منعقد کی جانے والی کثیرالملکی میری ٹائم مشق ’’ امن‘‘ میں باقاعدگی کے ساتھ شرکت کر رہی ہے۔

ان باہمی مشقوں کے دوران حاصل ہونے والا پیشہ وارنہ تجربہ ثمر آور رہاہے جو دونوں ممالک کی بحری افواج کے مابین دو طرفہ اشتراک کو مزید مضبوط بنانے کا باعث ہوگا۔

تازہ ترین