• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تخلیقی سوچ رکھنے والے طالب علموں کیلئے مخصوص شعبہ جات

کیا آپ نے کبھی خودکو کھوجنے کی کوشش کی کہ آپ بھی تخلیقی سوچ کے مالک ہوسکتے ہیں؟ اگر آپ موسیقی کو حقیقی معنوں میں اپنےذہن میں چلتا ہوا محسوس کریں۔ بزنس میٹنگ کے دوران نوٹس بناتے وقت، آپ کے ہاتھ خود بخود ڈرائنگ بنانےلگیں ۔کسی فلمی منظر، تصویر یادھن کی تخلیق کے بعد دوستوں کی جانب سےبے حد سراہے جائیں ۔ یا پھر آپ کم وقت میں زیادہ کام بہتر اور منفرد انداز میں سرانجام دیں، تو یہ سب باتیں آپ کی تخلیقی سوچ یا کریٹو تھنکنگ کی علامت ہوسکتی ہیں ۔ دنیا بھر میںاس وقت گلوبل کریٹو انڈسٹری بہت بڑی صنعت کی صورت اختیار کرگئی ہے۔ عالمی ثقافتی اور تخلیقی صلاحیتوں کی حامل صنعت کئی ارب امریکی ڈالر کا ریوینیو اور ملازمتیں پیدا کررہی ہے۔ دنیا کی معروف آسٹریلین ملٹی کیمپس پرائیویٹ یونیورسٹی جے ایم سی کا کہنا ہے کہ ہم جانتے ہیں کہ کریٹو انڈسٹری ایک سنجیدہ طرز اور عالمی سطح کا کاروبار ہے، اس لیے ہماری خواہش ہے کہ دنیا بھر میں موجود تخلیقی قوت رکھنے والے افراد اس انڈسٹری کا حصہ بن جائیں۔ اس انڈسٹری میں کامیابی کے دروازے ہر اس شخص کے لیے کھلے ہیں، جو تخلیقی سوچ اور کچھ منفرد بنانے یاکرنے کا عزم رکھتا ہے۔ اگرآپ بھی اس انڈسٹری کا حصہ بننا چاہتے ہیں تو درج ذیل شعبے آپ کی کامیابی کی ضمانت ثابت ہوسکتے ہیں۔

آرٹسٹک ڈائریکٹر

آرٹسٹک ڈائریکٹر آرکسٹرا، تھیٹرگروپس اور آرٹ فیسٹول کے لیے اپنی خدمات سرانجام دیتے ہیں۔وہ نئے آنے والے رقاص اور فنکاروں کے لیے تربیت کے مواقع پیدا کرتے ہیں۔ اگر آپ کو بھی محسوس ہوتا ہے کہ آپ کے اندر کریٹویٹی موجو د ہے، ساتھ ہی آپ مالی ذمہ داریوں، رکنیت اور انتظامی معمولات سے متعلق تمام انتظام وانصرام بخوبی طور پر نبھاسکتے ہیں توبطور آرٹسٹک ڈائریکٹر آپ کیریئر میں کامیابی حاصل کرسکتے ہیں۔ اس کیریئر میں کامیابی کے لیے جو چیز زیادہ اہم ہے وہ سامعین کی بڑی تعداد ہے، جس کے لیے آپ کو محنت کرنا ضروری ہے۔

بزنس اور تخلیق

عام طور پر دیکھا جائے تو کوئی بھی کاروبار تخلیقی سوچ اور آئیڈیاز کے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتا، تاہم اس کے باوجود کچھ کاروبار ایسے بھی ہیں جن کی بنیاد تخیل اور اختراع پسندی کی بنیاد پر قائم ہوتی ہے۔ کیا آپ بھی بجٹ کی تیاری اور اخراجات کا انتظام و انصرام کرنا پسند کرتے ہیں؟ کیا آپ بھی نئی مصنوعات کو مارکیٹ میں لانے یا کسی بھی ادارے کی اشتہاری مہم کو فروغ دینے کے لیے نت نئے آئیڈیاز اور صلاحیتوں کے مالک ہیں؟ اگر ایسا ہے تو درج ذیل شعبہ جات آپ کے لیے کامیابی کی ضمانت بن سکتے ہیں۔

ویب ڈیزائنر

کسی ویب سائٹ کو ڈیزائن کرتے وقت نہ صرف تکنیکی بلکہ تخلیقی دونوںقسم کے رجحان کی ضرورت پڑتی ہے۔ دنیا بھر میںویب ڈیزائننگ کا شعبہ دن بدن مقبولیت اختیار کرتا جارہا ہے۔ ایک پروفیشنل ویب ڈیزائنر ایک ویب سائٹ بناسکتا ہے لیکن ایک تخلیق کار اس کو خوبصورت اور منفرد انداز میں پیش کرتا ہے۔عام طور پر اس شعبے میں کیریئر بنانےاور ویب ڈیزائننگ کورس کرنےکے لیے کم ازکم میٹرک یا ایف اے تک کی تعلیم ضروری ہے۔ ویب ڈیزائننگ کا بنیادی کورس3 ماہ یا اضافی مدت کا ہوتا ہے۔ یہ کورس ملک بھر میں نجی اور سرکاری اداروں میں کروائے جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ انٹرنیٹ ،بکس، آن لائن کورس اور یوٹیوب ویڈیوز بھی اس سلسلے میں آپ کی رہنمائی کرسکتے ہیں ۔

گرافک ڈیزائنر

گرافک ڈیزائننگ کےشعبے کو جدید سوفٹ ویئر اور ٹیکنالوجیز نے مزید پرکشش اور دلچسپ بنادیا ہے، دنیا بھر کے ممالک میں اس شعبے کی مانگ بڑھ گئی ہے۔ بطور گرافک ڈیزائنر آپ کو اپنی بصری، فنکارانہ اور تخلیقی صلاحیتوں کو نکھارنے میں مدد ملے گی۔آپ کمپیوٹر گرافکس میں حاصل کیے گئے ٹیلنٹ کو کسی ایڈورٹائزنگ ایجنسی،مارکیٹنگ کمپنی، پبلک ریلیشن فرم، فیشن ہاؤس یا پھر گرافکس سے متعلقہ کسی بھی ادارے میں استعمال کرتے ہوئے ایک بہترین کیریئر کی جانب قدم بڑھاسکتے ہیں۔

تخلیقی لکھاری

کوئی بھی کریٹو انسان لفظوں سے کھیلنے میں مہارت رکھتا ہے، لکھنے میں اس کی مہارت کسی عام یا پیشہ ور لکھاری یا صحافی سے مختلف ہوتی ہیں ۔ اس کی لکھائی کی بنیاد زندگی کے تجربات پر مبنی، قارئین کی تفریح، اصلاح اور اچھے کاموں کی حوصلہ افزائی کے لیے ہوتی ہے۔ تخلیقی لکھاری کے لیے عام طور پر یہ کہا جاتا ہے کہ یہ ہنر پیدائشی ہے، جسے سیکھا نہیں جاسکتا لیکن ہماری رائے اس سے قدرے مختلف اور متضاد ہے کیوں کہ ہماری رائے کے مطابق مطالعہ،مشاہدہ اور باقاعدگی سے لکھنے کا فن تخلیقی لکھائی کی بنیاد ہیں، جنہیں سیکھ کر تخلیقی صلاحیت میں اضافہ کرکے اس شعبے میں نام کمایا جاسکتا ہے۔ دنیا بھر میں اشتہاری کمپنیاں، ایجنسیاں، اشتہارات اور میوزیکل مواد کے لیے کاپی رائٹر کوہی ہائر کرتی ہیں۔

ویڈیو گرافر

اگر آپ اسٹوڈیو کے معیار کے مطابق ویڈیو بنانے کا ہنر رکھتے ہیںیا اپنی تخلیقی صلاحیتوں کی بدولت کسی ویڈیو کو سنجیدہ، متاثر کن یا دلچسپ بناسکتے ہیں توویڈیو گرافر کا شعبہ آپ کے لیے ہے۔ اس شعبہ میں کامیابی کے لیے آپ کولائٹنگ سے متعلق تمام تر معلومات کا حاصل ہونا،فلم اسپیڈ، سیٹنگ اور بیک گراؤنڈ کے انتخاب پر مہارت حاصل کرنا بھی ضروری ہے۔

تازہ ترین