• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جب آپ تعلیم حاصل کرتے ہیںتو جہاں علم و دانش اور تہذیبی اقدار کا فروغ ذہن میں ہوتاہے، وہیں روشن مستقبل کی امید بھی ہوتی ہے کہ ملازمت مل جائے گی۔ پاکستانی مارکیٹ میں ملازمت کے یقینی مواقع کا تعین اس بات پر ہےکہ اس وقت مارکیٹ رجحانات کیا ہیں؟ ہمارے ہاں سرکاری ملازمت کو محفوظ مانا جاتاہے لیکن موجودہ دور میں حکومتوں کی ترجیحات بھی تبدیل ہوچکی ہیں۔ سرکاری و نجی شعبے جوائنٹ وینچرز کی طرف مائل ہورہے ہیں۔ تعلیم کو ہنر کے ساتھ منسلک کرکے انٹرن شپ پرکارخانوں، میڈیا اور اوپن مارکیٹ میں براہ راست عملی تجربے کروائے جاتے ہیں۔ کاروبار اب انتظامی و تخلیقی تعلیم سے وابستہ ہوگیا ہے۔ بزنس مینجمنٹ نے معاشیات بدل دی ہے جبکہ آئی ٹی مارکیٹ نے آن لائن کاروبار اور نت نئی ایپس کے راستے کھول دیئے ہیں۔ ذیل میں پاکستانی طالب علموں کے لئے کیریئر کے اہم راستے پیش کئے جارہے ہیں لیکن تعلیم وتربیت کیلئے آپ کی ان سے والہانہ محبت شرط ہے۔

چارٹرڈ اکائونٹیسی

پاکستان اور دنیا بھر میں چارٹرڈ اکائونٹیسی ایک ٹاپ پروفیشن مانا جاتا ہے، جو مقامی اور ملٹی نیشنل کمپنیوں کی اولین ضرورت ہے۔ چارٹر اکائونٹنٹ بننے کے لئےICAPمیں انرول ہونا پڑتا ہے، جس کے لیے آپ کی تعلیم انٹرمیڈیٹ، گریجویشن یا پھر Aلیول ہونی چاہیے۔ داخلے کے بعد آپ کو ICAPکی کورس آؤٹ لائن اور گائیڈلائنز کے مطابق مختلف مضامین پاس کرنے ہوتے ہیں، جس کے بعد آپ کوICAPکی کسی مجاز آرگنائزیشن یا فرم سے ایک خاص مدت کے لیے آرٹیکل شپ کرنا ہوتی ہے۔ آرٹیکل شپ کے دوران آپ چارٹرڈ اکاؤنٹینسی کے بقیہ پیپرز دینے کے اہل ہوجاتے ہیں، جس کو پاس کرنے اور آرٹیکل شپ مکمل کرنے کے ساتھ ہی آپ چارٹرڈ اکاؤنٹینٹ بن جاتے ہیں۔ آپ کو جن مضامین پر کمال دسترس حاصل ہونی چاہئے وہ اکائونٹس، میتھ میٹکس اور اکنامکس ہیں۔ یعنی آپ ریاضیاتی و معاشی ذہانت کے مالک ہوں کیونکہ کار وبار کے مسائل حل کرنے کے لیے بصیرت افروز سوچ کا ہونا ضروری ہے۔

مارکیٹ منیجر

مصنوعات و خدمات کو بنانے، پیش کرنے اور فروخت کرنے کی ضرورت کبھی ختم نہیں ہوتی۔ عوام کو اپنی معیاری مصنوعات کی جانب راغب کرنا ہو یا کنسلٹینسی خدمات پیش کرنی ہوں، ہر دو صورت آپ کو بزنس ڈگری درکار ہوگی۔ ایک بزنس پروفیشنل کو جہاں اپنے لباس کا سب سے زیادہ خیال رکھنا پڑتا ہے، وہیں اس میں عوامی رجحانات کو دیکھتے ہوئے مارکیٹنگ حکمت عملی وضع کرنے کی صلاحیت بھی ہونی چاہیے۔ اس کے لئے مارکیٹنگ مینجمنٹ ایجوکیشن حاصل کرنی ہوگی، جس کے لیے بزنس ایڈمنسٹریشن میں بیچلرزیا ماسٹر کرناہوگا۔ تعلیم حاصل کرنے کے دوران آپ کی صلاحیتوں کو دیکھتے ہوئے کمپنیز روزگار بھی فراہم کرسکتی ہیں۔

آئی ٹی پروفیشنل

IT دنیا بھر کی ابھرتی ہوئی انڈسٹری ہے، جو اب تمام کاروباری مراسم کو پروان چڑھانے کے لئے لازمی حصہ بن گئی ہے۔ پاکستان میں اس کے اثرات کا اندازہ اس بات سے لگائیے کہ چھوٹے، درمیانے اور بڑے کاروبار اب آن لائن ہوتے جارہے ہیں۔ پاکستان اس وقت IT سیکٹر میں اپنی حیران کن ایپس سے دنیا کو حیران کئے ہوئے ہے۔ اس وقت سافٹ ویئر انجینئرز کی سب سے زیادہ مانگ ہے، جس کے لئے آپ کو ریاضی پر اچھی کمانڈ ہونی چاہئے۔ آپ کو C#,C++، جاوا، جاوا اسکرپٹ اور پائی تھون جیسی پروگرامنگ لینگویجز سے شناسائی اورHTML میکانزم سے واقفیت ہونی چاہئے۔ انٹرمیڈیٹ کے بعد آپ کمپیوٹر سائنس میں داخلہ لے کر سافٹ ویئرانجینئر ، نیٹ ورک انجینئر، سسٹم انالسٹ ، آئی ٹی کنسلٹنٹ ، ویب ڈیئزائنر/ڈویلپر وغیرہ کی اساس پر فائزہوسکتے ہیں۔

ایوی ایشن منیجر

دوران تعلیم بہت کم طالب علم ایوی ایشن مینجمنٹ کو ذہن میں رکھتے ہیں لیکن یہ ایک اچھی ابتدا ہوسکتی ہے۔ ایوی ایشن انڈسٹری میں بنیادی طور پر طیاروں کے فضائی راستوں کا انتظام و انصرام کرکے تحفظ کو یقینی بنایا جاتا ہے۔ یہ کیریئر اپنانے کے لئے خاص تعلیم و تربیت کی ضرورت ہوتی ہے۔ اس کے لیے آپ کو پہلے انجینئرنگ میں بیچلر پھر ماسٹر کی ڈگری حاصل کرنی ہوگی، جس کے ساتھ ایوی ایشن مینجمنٹ، ایڈ منسٹریشن اور بزنس مینجمنٹ کورسز کرنے ہوں گے۔ آپ کو فیڈرل ایئر ریگولیشنز (FAR)سے بھی آگہی ہونی چاہئے۔ ا س میںہر وقت چوکنا رہنا پڑتا ہے۔

میکینکل منیجر

انٹرمیڈیٹ کے بعد آپ میکینکل انجینئرنگ کرسکتے ہیں، جسے مکمل کرنے میں تقریباً 4سال لگتے ہیں۔ BEng کی تکمیل کے بعد آپ اس میں ماسٹر کرتے ہیں۔ اس اسٹڈی پروگرام میں طالب علموں کو مختلف ڈیوائسز اور میکینکل سسٹمز کے ڈیزائن، مینوفیکچر اور مینٹیننس کے بارے میں تعلیم و تربیت دی جاتی ہے۔ ساتھ ہی انہیں کام کو مؤثر انداز میں کرنے کے لئے ناقدانہ سوچ کے ساتھ کمیونیکیشن اور مسئلےکو حل کرنے کاہنر بھی سکھایا جاتا ہے۔ اس کی نہ صرف پاکستان بلکہ خلیجی ریاستوں میں کافی مانگ ہے۔

یونیورسٹی لیکچرار

یونیورسٹی لیکچرار بننا آ ج کل کا بڑھتا ہوا رجحان ہے، جس میں آپ اچھی تنخواہ پاتےہیں۔ اس کے لیے آپ کو تدریس کے بنیادی اصولوں کے ساتھ اپنے مضمون پر دسترس ہونی چاہئے۔ ماسٹر ڈگری کے بعد پی ایچ ڈی کرکے آپ مزید ترقیاں پاسکتے ہیں۔

تازہ ترین