• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کشمیریوں سے ہمارا رشتہ پراناہے، پاکستان کو عالمی فورم پرمسئلہ کشمیر اٹھانے کیلئے اقدامات کرنا ہوں گے، پی پی رہنما

لوٹن (شہزاد علی/ا سرار راجہ ) پاکستان پیپلز پارٹی ، کشمیری عوام اور مسئلہ کشمیر کا آپس میں بہت گہرا تعلق ہے۔ وقت اور حالات نے اس تعلق کو مزید پختہ کردیا۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے بنیادی طور پر پی پی کی بنیاد ہی پاکستان اور کشمیر کے محروم اور کچلے ہوئے طبقات کے غصب شدہ حقوق کی بحالی کے لئے ڈالی تھی انہوں نے کشمیر پر ایک ہزار سال تک جنگ لڑنے کا عزم ظاہر کرکے تحریک آزادئ کشمیر میں ایک نئی روح پھونک دی تھی۔ بھٹو شہید کے ہم لے کر رہیں گے کشمیر کے نعرہ مستانہ اور کشمیر کے جنگلوں، پہاڑوں کہساروں اور کشمیر کی وادیوں میں ہر جگہ تحریک آزادی کا پرچم بلند رکھیں گے کے پرجوش خطابات نے بھارت کے ایوانوں پر لرزہ طاری کر دیا تھا، تحریک آزادئ کشمیر کو چیئرمین بھٹو نے نئے جذبوں اور امنگوں سے سرشار کر دیا تھا۔ شہید جمہوریت محترمہ بے نظیر بھٹو اور آصف علی زرداری نے بھی مسئلہ کشمیر پر بھرپور کمٹمنٹ دکھائی اور اب بلاول بھٹو زرداری بھی کشمیری عوام کے ساتھ ہر موقع پر یکجہتی کا اظہار کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ کشمیر کے باشندے چاہے وہ ریاست کے اندر ہوں یا اوورسیز ممالک ، پی پی پی سے محبت ان کی فطرت کا حصہ بن چکا ہے ان خیالات کا اظہار جمعہ 15فروری کو لوٹن ٹائون ہال کونسل چیمبر میں صدر پاکستان پیپلز پارٹی آزادکشمیر چوہدری لطیف اکبر اور نائب صدر مطلوب انقلابی کے اعزاز میں منعقدہ ایک پروقار تقریب میں متعدد رہنمائوں نے کیا ۔ جبکہ مسئلہ کشمیر سے مستقل کمٹمنٹ دکھانے کے باعث نہ صرف پاکستان پیپلز پارٹی اور مختلف سیاسی اور مذہبی جماعتوں سے متعلق متعدد شخصیات بلکہ لیڈی میئر لوٹن کونسلر نسیم ایوب، ایگزیکٹیو کونسلرز اور کونسلروں نے صدر پاکستان پیپلز پارٹی آزادکشمیر چوہدری لطیف اکبر اور نائب صدر مطلوب انقلابی کا میئر پارلر اور کونسل چیمبر میں خیر مقدم کیا سنئیر کونسلروں ٹام شو اور ڈیو ٹیلر کی بھی مہمانان گرامی سے ملاقات ہوئی۔سابق میئر کونسلر چوہدری محمد ایوب جو سیاسی طورپر اگرچہ پی پی مخالف جماعتوں کا حصہ رہے ہیں نے نمائندہ جنگ سے بات چیت میں چوہدری لطیف اکبر کی مدلل گفتگو کو سراہا، لوٹن ٹائون ہال میں صدر پاکستان پیپلز پارٹی آزادکشمیر چوہدری لطیف اکبر نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی پاکستان کی وہ پہلی سیاسی جماعت تھی جس نے باضابطہ طور پر اپنے منشور میں ایک ڈاکو منٹ کے طور پر مسئلہ کشمیر کو شامل کرکے پاکستان کے لئے اس مسئلہ کی اہمیت کو واضح کیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ پی پی اور کشمیری عوام کا رشتہ بہت پرانا ہے پی پی نے بطور جماعت بھی اور بطور حکومت مسئلہ کشمیر کو ترجیح طور پر اٹھانے کے لئے اقدامات کیے انہوں نے کہا کہ اب سوشل میڈیا کے ذریعے بھارت کو مقبوضہ کشمیر کے نہتے عوام نے ہلا کر رکھ دیا ہے انہوں نے اوورسیز پاکستانی کشمیری کمیونٹی کا رول مسئلہ کشمیر پر سراہتے ہوئے کہا کہ آپ اپنے اس رول کو مزید مستحکم کریں آپ برطانوی کشمیری پاکستانی بھی سوشل میڈیا کو استعمال کرکے، کشمیری پڑھے لکھے نوجوانوں اور کونسلروں کو ساتھ لے کر خارجی محاذ پر مزید متحرک کردار ادا کریں، انہوں نے کہا کہ کشمیری مایوس ہرگز نہ ہو ں ہماری جدوجہد ایک دن ضرور رنگ لائے گی اور کشمیری آزادی کی نعمت سے سرفراز ہوں گے لیکن کشمیری اپنا کیس خود پیش کریں تاکہ ان کی بات موثر طور پر سنی جائےانہوں نے بتایا کیا کہ مقبوضہ کشمیر میں آزادی اور جمہوری حقوق مانگنے کی پاداش میں مسلمانوں پر عرصہ حیات تنگ کردیا گیا ہے لیکن کشمیری عوام اپنی آزادی اور حقوق مانگنے کی یہ جدوجہد اور مزاحمتی سیاسی تحریک ہر حال میں جاری رکھیں گے۔ اس موقع پر نمائندہ جنگ سے خصوصی بات چیت میں انہوں نے کہا کہ 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر پر تو حکومت پاکستان نے اچھے طرز عمل کا مظاہرہ کیا ہے اور اس سے کشمیر پر مثبت پیغام گیا ہے تاہم حکومت پاکستان کو مستقل طور پر عالمی فورموں پر جاندار طریقے سے مسئلہ کشمیر تسلسل کے ساتھ اٹھانے کے لئے اقدامات کرنا ہوں گے مختلف سوالوں کے جواب دیتے ہوئے پی پی کے مرکزی صدر نے کہا کہ آزادکشمیر کے الیکشن میں آئندہ پی پی مضبوط پوزیشن میں ہوگی سابق وزیر کالجز اینڈ آئی ٹی مطلوب انقلابی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی مسلمہ قراردادوں کے تحت حل کیا جائے اور کشمیری عوام کو ان کا پیدائشی حق خودارادیت دیا جائے۔ مسئلہ کشمیر پر پی پی کے رول کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر پرکمٹمنٹ شہید ذوالفقار علی بھٹو سے پی پی کے قیام سے جاری ہے، بے نظیر بھٹو آصف علی زرداری نے مسئلہ کشمیر کو ہمیشہ ترجیح دی پی پی کے لئے مسئلہ کشمیر کی اہمیت مسلمہ حقیقت ہے انہوں نے کہا کہ محدود وسائل اور قلیل عرصہ اقتدار کے باوجود آزاکشمیر میں پی پی نے تعمیر و ترقی اور شعبہ تعلیم میں اقدامات اٹھائے انہوں نے کہا کہ پی پی جمہوریت کی علمبردار ہے نامساعد حالات میں بھی جمہوریت سے پی پی کی کمٹمنٹ مثالی رہی ہے ۔شرکاء میں ورلڈ کشمیر فریڈم موومنٹ کے نذیر قریشی، علامہ قاضی عبدل عزیز چشتی، تحریک کشمیر برطانیہ کے سنئیر نائب صدر چوہدری محمد شریف، جموں کشمیر لبریشن لیگ لوٹن کے سابق صدر چوہدری محمد اسلم، جموں کشمیر لبریش فرنٹ کے بزرگ رہنماء خواجہ لطیف، سابقہ جنرل سیکرٹری مسلم کانفرنس برطانیہ شبیر ملک، لوٹن ایگزیکٹیو کونسلرز راجہ وحید اکبر، راجہ محمد اسلم خان اور محمود حسین کونسلرز چوہدری محمد ایوب، طاہر ملک اور ریاض بٹ کے علاوہ پی پی کے اعظم خان راجہ ، ریاض کوہمروی ، ملک عنایت ، وسیم بٹ، چوہدری محمد عارف، چوہدری طارق اور امیر قیصر داؤد سمیت متعدد عمائدین شامل تھے۔

تازہ ترین