• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جامع پالیسی بنانا ہوگی، آزادیٔ کشمیر اور الحاق پاکستان کی جدوجہد جاری رکھیں گے، کمیونٹی رہنما

لوٹن (نمائندہ جنگ) مسئلہ کشمیر کے تناظر میں برطانوی پاکستانی کشمیری کمیونٹی میں 5 فروری یوم یکجہتی کشمیر اور پھر 11 فروری محمد مقبول بٹ شہید کی برسی کے حوالے خاصی سرگرمیاں دیکھنے میں آئی ہیں۔ اس حوالے لوٹن کمیونٹی لیڈر حاجی چوہدری محمد قربان نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر کمیونٹی کا متحرک رہنا ِخوش آئند ہے تاہم ضروری ہے کہ ایسے پروگرام کسی ایجنڈے کے تحت منعقد ہوں، انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کشمیری عوام کے لئے زندگی اور موت کی حیثیت رکھتا ہے ہم آزادی کشمیر اور الحاق پاکستان تک جدوجہد کو جاری و ساری رکھیں گے، انہوں نے تجویز دی ہے کہ پاکستانی کشمیری کمیونٹی کا زیادہ فوکس برطانیہ میں پارلیمنٹ ہاوس آف لارڈز اور کونسلوں میں مسئلہ کشمیر پر تسلسل کے ساتھ ایونٹس کا انعقاد ہونا چاہیے، انہوں نے کہا کہ حالیہ عرصے میں جب سے پاکستان کی نئی حکومت نے بھارت کو مسئلہ کشمیر سمیت تمام مسائل مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی پیشکش کی ہے بھارت نے اپنا رویہ مزید سِخت کرکے مقبوضہ کشمیر میں مظالم میں بے پناہ اضافہ کردیا ہے، انہوں نے بھارت کی چیرہ دستیوں کی شدید مذمت کی ہے اور اسے پاکستانی پیش کش کا مثبت جواب دینے پر زور دیا ہے پاکستان پیپلزپارٹی برطانیہ کے سابق چیف آرگنائزر متوازی پیر سید رضی حسن گیلانی نے کہا ہے کہ آزادی کشمیر کے لئے ایک مربوط اور جامع پالیسی بنانے کی ضرورت ہے، کشمیری عوام کو یہ موقع ملنا چاہیے کہ وہ اپنے مستقل سٹیٹس کا تعین آزادانہ رائے شماری کے ذریعے کرسکیں، انہوں نے کہا کہ بھارت کو اب یہ جان لینا چاہیے کہ موجودہ دور میں ظلم جبر اور افواج کے زور پر کسی نیشن کو غلام بنا کر نہیں رکھا جاسکتا، انہوں نے کہا کہ بھارت کو بِخوبی علم ہے کہ کشمیری کسی بھی صورت میں اس کے ساتھ نہیں رہنا چاہتے کشمیر میں جب بھی کوئی شہید ہوتا ہے تو اسے پاکستان کے جھنڈے میں سپردخاک کیا جاتا ہےانہوں نے کہا کہ بھارت نے جموں کشمیر میں سات لاکھ آرمی اور مختلف فورسز تعینات کر رکھی ہیں جن کا معمول ہے کہ کشمیری مسلمانوں کو آئے روز نت نئے طریقے سے ظلم کا نشانہ بنایا جائے یہ قابض فورسز تحریک مزاحمت کو دبانے کے لئے کشمیر کی عفت مآب خواتین کی اجتماعی عصمت دری کے واقعات کے علاوہ کشمیری نوجوانوں کو گھروں سے اٹھا کر غائب کرنے اور بے پناہ قتل عام میں مصروف رہی ہے، تحریک کشمیر برطانیہ کے سنئیر نائب صدر چوہدری محمد شریف نے کہا ہے کہ کشمیری ایک دن ضرور مملکت پاکستان کا حصہ بنیں گے بس کشمیری اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں، تحریک انصاف لوٹن کے چوہدری شکیل رفیق تھوتھالوی اور حاجی چوہدری محمد رحمت تھوتھالوی نے کہا ہے کہ عمران خان مسئلہ کشمیر پر مثبت کوششوں کو آگے بڑھا رہے ہیں جبکہ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کا اوڑھنا بچھوبا ہی کشمیر ہے کشمیری اپنے اکابرین کے نقش قدم پر چلتے ہوئے کشمیر کو پاکستان کا حصہ بنانے اور تکمیل پاکستان کی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ تحریک انصاف وٹفورڈ کے رہنماؤں چوہدری عبدالمجید اور چیئرمین چوہدری محمد افسر نے کہا ہے کہ پلوامہ میں بھارتی سیکورٹی افراد کی ہلاکتوں کے بعد جس طرح بھارت نے حسب معمول پاکستان پر الزام تراشیوں کا سلسلہ شروع کیا ہوا ہے وہ سراسر جھوٹ اور لغویات پر مبنی ہے ان رہنماؤں نے کسی بھی فرد کے جان و مال کے ضیاع کی مذمت کی ہے انہوں نے کہا کہ سچ یہ ہے کہ بھارت پر واضح ہوچکا ہے کہ وہ کشمیر پر اپنا تسلط قائم نہیں رکھ سکتا اور کشمیریوں نے اپنی جان و مال کی قربانیاں دے کر ثابت کیا ہے کہ وہ ہندوستان کے تسلط کے سائے میں نہیں رہنا چاہتے ان رہنماؤں نے کہا ہے کہ خطے کے امن کے تانے بانے مسئلہ کشمیر کے دائمی حل سے جڑے ہوئے ہیں ہندوستان کشمیریوں کو ریفرنڈم کا موقع دے اور پاکستان کی نئی حکومت کے ساتھ مذاکرات کرے بداعتمادی کی فضا کو فوری ختم کرے انہوں نے کہا کہ پاکستان پرامن ملک ہے اور پاکستان ترقی کی منزلوں کی جانب رواں دواں ہوچکا ہے وہ ہندوستان سمیت اپنے تمام پڑوسی ممالک کے ساتھ خوشگوار تعلقات استوار کرنا چاہتا ہے تاکہ خطے میں غربت کا خاتمہ ہوسکے مگر پائیدار اور مستقل امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا پرامن حل ضروری ہے ۔

تازہ ترین