• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ریل لائن کو سمندری تباہ کاریوں سےمحفوظ بنانےکے سلسلے کیلئے 80 ملین پونڈ کی فنڈنگ کا اعلان

لندن (پی اے) ریل لائن کو سمندر کی تباہ کاریوں سے محفوظ بنانے کیلئے ڈاولش ڈیون میں 80ملین پونڈ کی لاگت سے دیوار تعمیر کی جائے گی۔ 2014میں سمندری طوفان میں یہ ریلوے لائن تباہ ہو گئی تھی۔ ڈاولش سی وال کی تعمیر کے اس پروجیکٹ کیلئے حکومت 80ملین پونڈ تک فنڈنگ فراہم کرے گی۔ یہ دیوار موجودہ سٹرکچر سے ڈھائی میٹر زیادہ بلند ہوگی، موجودہ وال پانچ میٹر بلند ہے۔ اس دیوار کو مزید بلند کرنے کا مقصد خراب موسم میں ریلوے کو سمندری لہروں سے تحفظ فراہم کرنا ہے۔ توقع ہے کہ موسم بہار میں اس دیوار کی تعمیر کا آغاز ہوگا اور یہ کام 2021میں پایہ تکمیل کو پہنچے گا۔ نیٹ ورک ریل نے پانچ سال قبل سمندری طوفان سے تباہ ہونے والے ریلوے ٹریک کی بحالی اور مرمت پر 40ملین پونڈ خرچ کئے ہیں۔ یہ ریلوے لائن گریٹ ویسٹرن ریلوے اور کراس کنٹری استعمال کرتی ہیں اور اس لائن کو اس تباہی کے بعد سے سیلاب سے خطرات لاحق ہیں اور کئی بار اس لائن پر سروسز کو معطل کرنے پر مجبوہر ہونا پڑا۔ ٹرانسپورٹ سیکرٹری کرس گریلنگ نے کہا کہ ہم سمندری لہروں سے دوبارہ ڈاولش اور سائوتھ ویسٹ کو تباہی نقصان اور تعطل کا شکار نہیں ہونے دیں گے۔ ہماری یہ سرمایہ کاری محفوظ ریلوے برنسز اور قابل اعتماد سروسز کیلئے ہمارے خلوص اور عزم کی عکاس ہے۔ کرس گریلنگ نے کہا کہ 80 ملین پونڈ کی فنڈنگ سے نئی سی وال تعمیر کی جائے گی، جس سے اس اہم ریل روٹ کو سمندر کی تباہ کاریوں سے محفوظ بنایا جائے گا۔ ہم اس ریجن کی معیشت اور خوش حالی کو فروغ دینے کیلئے پر عزم ہیں، حکومت عوام اور معیشت کے استحکام اور ٹرانسپورٹ روابط برقرار رکھنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔ پلائی متھ لیبر اینڈ کوآپریٹیو ایم پی لیوک پولارڈ نے ریل لائن کو محفوظ بنانے کیلئے اس خبر کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ وہ اس اہم ریلوے لائن کو محفوظ تر بنانے کیلئے درکار رقم کے سلسلے میں کمپین چلاتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ منسٹرز کو اس اعلان میں پانچ سال کا عرصہ لگا۔ اس ریجن میں دو تہائی ریلوے لائنز کو اپ گریڈیشن کی ضرورت ہے۔

تازہ ترین