• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عالمی برادری مودی کی دھمکیوں کا نوٹس لے، مختلف رہنماء

مانچسٹر (علامہ عظیم جی) بھارت کی طرف سے پاکستان کو خطرناک نتائج بھگتنے اور بھارتی وزیراعظم مودی کی طرف سے پاکستان کے خلاف زہر اگلنے اور اسٹرائیک کرنے کی دھمکیاں قابل مذمت ہیں۔ عالمی اداروں اقوام متحدہ، برطانیہ، امریکہ، یورپی یونین کو اس کا فوری نوٹس لینا چاہیے۔ پلوامہ میں خودکش حملہ کشمیری نوجوان نے کیا ہے، اس میں پاکستان کو بغیر ثبوت ملوث کرنا اور بھارتی میڈیا پر پاکستان کے خلاف نفرت پھیلانا قابل مذمت اور قابل تشویش ہیں۔ حکومت کو سفارتی سطح پر اس کا نوٹس لیتے ہوئے اقوام متحدہ اور دیگر پارلیمنٹ ممبران سے رابطہ کرنا چاہیے۔ اس کے علاوہ برطانیہ میں رہنے والے کشمیری اور پاکستانیوں کو اپنے ممبران پارلیمنٹ سے فوری رابطہ کرنا چاہیے اور بھارتی عزائم سے آگاہ کرنا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستانی کشمیری کمیونٹی رہنمائوں نے بھارتی واویلا کے ردعمل پر کیا۔ کشمیری رہنما چوہدری اخلاق احمد نے کہا کہ بھارت کشمیریوں پر قیامت ڈھا رہا ہے۔ ان پر پیلٹ گن کے فائر کرکے ان کی زندگی اجیرن کر رکھی ہے، جبکہ کشمیری عورتوں سمیت بچوں، نوجوانوں کا قتل عام جاری رکھے ہوئے ہے۔ اب خودکش حملے سے بوکھلا اٹھے ہیں۔ سیدنا امیر حمزہ ویلفیئر سوسائٹی کے صدر استاد محمد صفدر نے کہا ہے کہ بھارت کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔ پاکستان کو کمزور تصور نہ کریں۔ اگر بھارت نے پاکستان پر حملہ کیا تو بھارت کا وجود مٹ جائے گا۔ پیپلز پارٹی کے رہنما جب ویلفیئر کونسل انٹر نیشنل کے سرپرست چوہدری نصراللہ خان نے کہا ہے کہ مودی سرکار کو گیدڑ بھبھکیاں دینے سے باز رہنا چاہیے۔ پاکستان امن پسند ملک ہے۔ پاکستانی سینئر سٹیزن لانگ سائٹ مانچسٹر کے صدر صفدر خان نے کہا ہے کہ بھارت پلوامہ خود حملے سے بوکھلا گیا ہے۔ یورپ برنش انٹر نیشنل فورم کے چیئرمین چوہدری محمد سرفراز نے بھارتی دھمکیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور پاکستان و کشمیری کمیونٹی کو متحد ہونے کی ضرورت ہے۔ کونسلر شوکت علی نے کہا کہ بھارت کو کشمیریوں پر ناجائز قبضہ ختم کر دینا چاہیے۔ گلوبل اردو اور یونائیٹڈ میڈیا فورم کے آرگنائزر محمد شہزاد مرزا نے کہا کہ بھارتی میڈیا حقائق جانے بغیر پاکستانی میڈیا اور عوام کے خلاف زہر اگل رہا ہے۔
تازہ ترین