• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کینیڈا میںخفیہ کیمرہ سے طالبات کی تصاویر بنانے پر ٹیچر پر فرد جرم عائد

اوٹاوا (اے پی پی) کینیڈا کی سپریم کورٹ نےخفیہ کیمرے سے سکول کی طالبات کی تصاویر اتارنے کے الزامات کا سامنا کرنے والے ایک سابق ٹیچر پر فرد جرم عائد کردی۔غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ کیس 2015ء میں کینیڈا کی عدالتوں میں لایا گیا جس میں ایک سکول کے استاد پر الزام تھا کہ انہوں نے اپنے قلم میں نصب خفیہ کیمرے کی مدد سے 14سے 18سال کی لڑکیوں کی تصاویر اور ویڈیوز بنائی تھیں۔ تاہم ابتدائی عدالت اور بعد میں اپیل کورٹ نے استاد کو اس کیس میں بری کرتے ہوئے کہا تھا کہ اسکول میں 24 گھنٹے کیمرے کام کرتے ہیں۔ اگر ان کیمروں کی وجہ سے طالبات کی پرائیویسی متاثر نہیں ہوتی تو استاد کے قلم میں لگے کیمرے سے بھی ایسا نہیں ہوتا۔طالبات نے اپنے وکیل کے ذریعے یہ کیس سپریم کورٹ میں دائر کیا۔ سپریم کورٹ کی طرف سے سابق استاد پر فرد جرم عائد کرتے ہوئے انہیں قصور وار قرار دیا گیا۔ عدالت کا کہنا ہے کہ استاد نے 2010ء اور 2011ء کے دوران اپنے قلم میں نصب کیمرے سے طالبات کی 35 ویڈیوز اورتصاویر بنائیں۔ اس کے علاوہ اس نے تصاویر میں طلبات کو نمایاں کرنے کی کوشش کی جس سے اس کی غلط سوچ کی عکاسی ہوتی ہے۔اگلی سماعت پر ملزم کو جج کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ جرم ثابت ہونے کی صورت میں اسے پانچ سال تک قید کی سزا ہو سکتی ہے۔
تازہ ترین