• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سرجیکل اسٹرائیک حماقت ،امن کی راہ کشمیر سے ہی گزرتی ہے، شہباز شریف

لاہور(خصوصی نمائندہ)مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ پلوامہ واقعہ کی پاکستان نے مذمت کی ہے۔ امن کی راہ کشمیر سے ہی گزرتی ہے۔سرجیکل سٹرائیک کی باتیں حماقت ہیں،بھارت ہوش کے ناخن لے۔پوری پاکستانی قوم دشمن کے عزائم خاک میں ملانے کے لئے اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔جناح اسپتال لاہور میں نواز شریف کی عیادت کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ کسی تحقیق کے بغیر ہی پاکستان کو دہشتگردی کے واقعہ سے جوڑ دینا پہلی بار نہیں ہوا۔ اس سے پہلے بھی بھارت نے خود ایسے مشکوک واقعات رچائے جس پر پوری دنیا نے سوال اٹھائے۔تاریخ گواہ ہے کہ بھارت الیکشن اور دیگر مواقع پر ایسے واقعات کو تحریک آزادی کشمیر اور پاکستان کو بدنام کرنے کے لئے استعمال کرنے کی کوشش کرتاآیا ہے۔انہوںنے کہا کہ پاکستان اور بھارت میں امن کی راہ کشمیر سے ہوکر ہی گزرتی ہے۔ پائیدار امن وسلامتی اور ترقی کے لئے مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں اور مظلوم کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل کرنے کا وعدہ پوراکیا جائے۔اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ سرجیکل اسٹرائیک کی باتیں حماقت ہیں۔بھارتی قیادت عقل اور ہوش کے ناخن لے۔پہلے سرجیکل سٹرائیک کی جھوٹی داستانوں کو اتنا مذاق بنا کہ بھارتی حکمرانوں نے اس پر بات کرنا ہی چھوڑ دی تھی، ہماری بہادر مسلح افواج دشمن کے ہر مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دے چکے ہیں، آئندہ انشاء اللہ اس سے بھی زیادہ موثر انداز میں جواب دیں گے، پوری قوم اپنی مسلح افواج کے ساتھ ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم کو پاکستان پر الزام تراشی سے پہلے مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانیت سوز مظالم پراظہار شرمندگی کرنا چاہیے ،بھارتی رویہ چوری اور سینہ زوری کامظہر ہے۔ پیلٹ گن سے بیس ماہ کی معصوم کشمیری بچی کی بینائی چھیننے پر بھارتی وزیراعظم کو اتنا تائو دکھانا چاہئے تھا۔کلبھوشن یادیو کی گرفتاری بھارت کی پاکستان میں انتشار پھیلانے کی خواہش اور عزائم کا زندہ اور چلتا پھرتا ثبوت ہے۔یہ وہ حقیقت ہے جس سے بھارت نظریں چرا نہیں سکتا۔انہوں نے کہا کہ بھارت جموں وکشمیر کے عوام پر ظلم بند کرے، وہاں آبادی کا تناسب بدلنے کے مذموم ہتھکنڈوں سے باز آئے۔پائیدار امن وسلامتی اور ترقی کے لئے مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں اور مظلوم کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل کرنے کا وعدہ پورا کیاجائے۔     
تازہ ترین