• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہباز شریف کی ضمانت سے یقیناً ڈیل کی طرف معاملہ گیا، فواد چوہدری

کراچی (ٹی وی رپورٹ) وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ شہباز شریف کی ضمانت پررہائی پورے پاکستان کی بے عزتی ہے، نیب کی زیادتیاں اپنی جگہ مگر شریف فیملی کے ساتھ کوئی زیادتی نہیں ہوئی، شہباز شریف کی ضمانت سے منفی تاثر گیا ہے، اس سے ڈیل کی طرف تو یقیناًمعاملہ گیا ہے، دوران حراست شہباز شریف نے صرف 7 دن جیل میں گزارے اس سے نظام انصاف کے دوہرے معیارکااندازہ ہوتاہے،وزیراعظم کے خلاف کیسوں پر نیب کو معافی مانگنی چاہئے ،اس کی زیادتیاں اپنی جگہ مگر شریف فیملی سے زیادتی نہیں ہوئی،عدالتوں اور نیب پر ہمارا کوئی اختیار نہیں مگر الزام ہم پرآتا ہے، سعودی عرب اور یو اے ای کے ساتھ ترکی اور قطر سے بھی تعلقات بہتر ہوئے ہیں، ترک صدر طیب اردوان بھی پاکستان تشریف لارہے ہیں،شہزاد محمد بن سلمان اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس سابقہ وزیراعظم ہاؤس میں ٹھہریں گے، وزیراعظم ہاؤس یونیورسٹی بن چکا ہوتا تو سعودی ولی عہد کو ایوان صدر میں ٹھہرادیتے، شہزاد محمد بن سلمان گاڑیاں اپنے ساتھ لے کر آرہے ہیں، سوشل میڈیا پر کریک ڈاؤن میں کافی لوگوں کو گرفتار کیا ہے ،پی ٹی ایم میں ایک عنصرایسا ہے جسے باہر کی ایجنسیاں سپورٹ کررہی ہیں۔وہ جیو کے پروگرام ”جرگہ“ میں میزبان سلیم صافی سے گفتگو کررہے تھے۔ فواد چوہدری نےکہا کہ حکومت آنے کے بعد سے ن لیگ کی قیادت بیرون ملک ہے یہ کیا اپوزیشن کریں گے، صرف وہی رہنما باہر نہیں جنہیں ہم باہر نہیں جانے دے رہے ہیں، شہباز شریف کی ضمانت پررہائی پورے پاکستان کی بے عزتی ہے، شہباز شریف دورانِ حراست پانچ سات دن ہی جیل میں گزارے ہیں ، اس سے ملک میں نظام انصاف کے دہرے معیارات کا اندازہ ہوجاتا ہے، جن چار لوگوں پر شہباز شریف کے غیرقانونی احکامات پر عملدرآمد کا الزام ہے وہ جیل میں ہیں اور شہباز شریف کی ضمانت ہوگئی ہے، نیب کی زیادتیاں اپنی جگہ مگر شریف فیملی کے ساتھ کوئی زیادتی نہیں ہوئی، نیب کئی جگہوں پر غلط بھی ہے، وزیراعظم کے اوپر کیسوں پر نیب کو معافی مانگنی چاہئے، شریف فیملی زیرعتاب نہیں انہوں نے ملک کا ایک روپیہ واپس نہیں کیا، کروڑوں کے وکیل کر کے ضمانتیں لے کر گھر چلے جاتے ہیں۔ فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ جہانگیر ترین کا پیسہ قانونی ہے انہوں نے ثابت کیا ہوا ہے، علیم خان اپنے خلاف کیسوں کا سامنا کررہے ہیں، شہباز شریف نے کیس کا کس طرح سامنا کیا کہ ایک دن ریمانڈ نہیں بھگتا، شہباز شریف کو منسٹر انکلیو میں گھر اور گاڑیاں نیب کی ریکوزیشن پر دی ہیں، اس معاملہ میں کچھ ہماری اپنی بھی غلطیاں ہیں،پی اے سی کی سربراہی شہباز شریف کو دینے کا مخالف تھا، اسد قیصر نے ہاؤس کا ماحول بہتر کرنے کیلئے فراخدلی کا مظاہرہ کیا۔ ڈیل سے متعلق سوال پر فواد چوہدری نے کہا کہ ہم نے ابھی تک روکا ہے پوری کوشش کریں گے انصاف ہو، شریف فیملی کو عدالتوں سے ریلیف تو مل رہا ہے، شہباز شریف کی ضمانت سے منفی تاثر گیا ہے، اس سے ڈیل کی طرف تو یقیناً معاملہ گیا ہے، عدالتوں اور نیب پر ہمارا کوئی اختیار نہیں مگر الزام ہم پرا ٓتا ہے،شہباز شریف کی ضمانت کیخلاف سپریم کورٹ جائیں گے، شریف فیملی کی ڈیل ہوگئی تو حکومت کیلئے فائدے کی بات نہیں ہوگی، عوام کی خواہش ہے کہ پاکستان کا لوٹا ہوا پیسہ واپس آئے، سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کے مسائل سے آگاہ ہیں، وزیراعظم نے پہلی میٹنگ میں ہی سعودی انتظامیہ سے اس بارے میں بات کی تھی، اس کے بعد پاکستانیوں کو سعودی عرب میں ریلیف ملا ہے۔فواد چوہدری نے کہا کہ یمن کے معاملہ پر جنگ کا حصہ نہ بننے کا ہمارا موقف مانا گیا ہے، سعودی عرب اور ایران دونوں نے اس پر ہمارے موقف کی تائید کی ہے،ن لیگ حکومت میں پاکستان کے عرب دنیا سے تعلق تقریباً ختم ہوگئے تھے، عمران خان کے آنے کے بعد عرب دنیا میں اپنا مقام دوبارہ حاصل کیا ہے، ن لیگ کی حکومت یمن پر پاکستان کا موقف سمجھا نہیں سکی تھی۔فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ سعودی عرب اور ایران کی لڑائی کی تاریخ ہے ہمارے کہنے سے ختم نہیں ہوسکتی، ہم چاہتے ہیں کہ دونوں ممالک کے درمیان لڑائی اتنی نہ بڑھے کہ مسلم دنیا تقسیم کا شکار ہوجائے، ہماری کوشش ہے کہ سعودی عرب اور ایران کے درمیان ٹینشن مزید نہ بڑھے۔ سعودی عرب اور یو اے ای کے ساتھ ترکی اور قطر سے بھی تعلقات بہتر ہوئے ہیں، ترک صدر طیب اردوان بھی پاکستان تشریف لارہے ہیں، سعودی عرب کی قیادت میں 41ملکی اتحاد کسی ملک کیخلاف نہیں دہشتگردی کیخلاف ہے، سعودی عرب مسلم دنیا میں شدت پسندی کا بیانیہ تبدیل کرنا چاہتا ہے۔ سعودی ولی عہد شہزاد محمد بن سلمان کے دورئہ پاکستان سے متعلق سوال پر فواد چوہدری نے کہا کہ محمد بن سلمان کے دورہ سے اندازہ ہوتا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کیلئے کتنا اہم ہے، اس سے پہلے یو اے ای کے محمد بن زید بھی پاکستان آچکے ہیں، عرب ممالک کے پاس پاکستان میں سرمایہ کاری کا سب سے زیادہ پوٹینشل ہے، انہیں سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول دکھانا بہت اہم ہے، سعودی عرب کی سب سے بڑی سرمایہ کاری آئل سیکٹر میں ہے۔

تازہ ترین