• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خواجہ برادران کے عدالتی ریمانڈ میں 4؍ مارچ تک توسیع

لاہور(نمائندہ جنگ، مانیٹرنگ سیل) احتساب عدالت نے پیراگون اسکینڈل میں گرفتار مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق اور انکے بھائی کے جوڈیشل ریمانڈ میں 4مارچ تک توسیع کردی ہے۔ جبکہ پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سعد رفیق نے کہا کہ اقتدارہمیشہ نہیں رہتا، حکومت ایسا سلوک نہ کرے، 60 سال پرانی بکتر بند گاڑی میں لانیکا کیا جواز ہے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کی احتساب عدالت کے جج سید نجم الحسن نے پیراگون اسکینڈل کی سماعت کی۔ فاضل جج کے استفسار پر تفتیشی افسر نے جواب دیا کہ 90؍ روز پورے ہونے تک پیراگون کیس کا ریفرنس پیش کر دیا جائے گا۔ عدالت نے تفتیشی افسر کو جلد ریفرنس پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے خواجہ برادران کے جوڈیشل ریمانڈ میں 4 ؍مارچ تک کی توسیع کردی۔ بعدازاں احتساب عدالت میں پیشی کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ہمیں آپ نے پکڑ لیا ہے لیکن کسی کی عزت کا خیال تو ہونا چاہیے، سعد رفیق نے کہا کہ شہباز شریف کی ضمانت ایک خوش آئند فیصلہ ہے۔ بہت جلد ہم دونوں بھائی درخواست ضمانت دائر کرنے جا رہے ہیں۔ خواجہ برادران کی پیشی کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے۔نیب حکام خواجہ برادران کو احتساب عدالت سے لیکر روانہ ہوئے تو مرکزی گیٹ پر لیگی کارکنوں نے بھرپور نعرے بازی کی۔کارکن گاڑی کے آگے کھڑے ہوکر اور ساتھ جاتے ہوئے نعرے لگا تے رہے۔
تازہ ترین