• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ولی عہد کے عشایئے پر اپوزیشن کو نہ بلانا چھوٹی سوچ ہے،احسن اقبال

کراچی (ٹی وی رپورٹ)ن لیگ کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ سعودی ولی عہد کے عشایئے پر اپوزیشن کو نہ بلانا حکومت کی چھوٹی سوچ ہے، کنڈر گارٹن کے بچے پاکستان کے حکمران بنادیئے گئے ہیں، سعودی عرب کے ساتھ اقتصادی تعلقات کی بنیاد ن لیگ کے دور ِ حکومت میں رکھی گئی ،ہم نے جو روڈمیپ تیار کیا تھا اسی کے نتیجے میں سعودی عرب آج اقتصادی منصوبوں میں سرمایہ کاری کررہا ہے، چھ مہینے میں ملک کی اقتصادی بربادی ایک ڈراؤنا خواب ہے جو حقیقت بن چکا ہے۔ وہ جیوکے پروگرام ”نیا پاکستان شہزاد اقبال کے ساتھ“ میں میزبان شہزاد اقبال سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں انڈیا میں پاکستان کے سابق سفیر عبدالباسط ،دفاعی تجزیہ کار میجر جنرل (ر) اعجاز اعوان اور وزیراطلاعات خیبرپختونخوا شوکت یوسف زئی سے بھی گفتگو کی گئی۔میجر جنرل (ر) اعجاز اعوان نے کہا کہ انڈیا نے سرجیکل اسٹرائیک جیسی کوئی حماقت کی تو اس کی بھاری قیمت ادا کرنا پڑے گی۔سابق سفیر عبدالباسط نے کہا کہ بھارت کی پاکستان کو دنیا میں تنہا کرنے کی خواہش پوری نہیں ہوگی، پاکستان کو بھارت کے بیانیہ کو کاؤنٹر کرنے کے بجائے اپنا بیانیہ پیش کرنا چاہئے، پرویز مشرف کے چار نکاتی فارمولے سے اوفا کے مشترکہ اعلامیہ تک ہم نے کشمیر کے ساتھ جو زیادتیاں کیں اس کا کوئی حساب دینے والا نہیں ہے۔شوکت یوسف زئی نے کہا کہ نیب کیخلاف نہیں لیکن احتساب کا عمل شفاف اور میرٹ پر ہونا چاہئے، نیب کی کارروائیوں سے بیوروکریٹس خوفزدہ ہیں اور جینوئن کام کرنے کیلئے بھی تیار نہیں ہیں، تحریک انصاف نیب انکوائری کا خوف نہیں اگر قصور ثابت ہوتا ہے تو بالکل پکڑیں۔ن لیگ کے رہنما احسن اقبال نے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ اقتصادی شعبہ میں تعلقات کی بنیاد ن لیگ کے دور ِ حکومت میں رکھی گئی تھی، شہزاد محمد بن سلمان کی بطور وزیردفاع دورئہ پاکستان میں وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات میں طے کیا گیا کہ سعودی عرب پاکستان سے اقتصادی اشتراک کو فروغ دے گا،سعودی عرب نے اس وقت سی پیک منصوبوں سے اشتراک میں دلچسپی کا اظہار کیا تھا، وزیراعظم نواز شریف نے میری ملاقات پرنس سلمان سے کروائی جنہوں نے اپنے معاشی مشیر کو میرے ساتھ مذاکرات کیلئے نامزد کیا، ہم نے سی پیک میں سعودی عرب کے اشتراک کیلئے روڈمیپ تیار کیا تھا اسی کے نتیجے میں سعودی عرب اب پاکستان میں اقتصادی منصوبوں میں سرمایہ کاری کررہا ہے، حکومت جو بھی ہو پاکستان میں سرمایہ کاری کا خیر مقدم کریں گے، پاکستان میں جو سرمایہ کاری آئے گی اس سے ملک کو ہی فائدہ ہوگا۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ن لیگ نے سی پیک کا ایم او یو سائن کیا تو وہ کاغذ کا ٹکڑا تھا، سی پیک معاہدے کو پراجیکٹس میں ڈھالنے کیلئے تین سال بھرپور محنت کی گئی، امید کرتا ہوں حکومت سعودی عرب کے ساتھ معاہدوں کو جلد از جلد عملی شکل میں ڈھال سکے گی، چھ مہینے میں ملک کی بربادی ایک ڈراؤنا خواب ہے جو حقیقت بن چکا ہے، ایک رات میں روپیہ کی قدر میں 15روپے کمی کی گئی جس سے درآمدی اشیاء مہنگی ہوگئیں جبکہ قرضوں کا حجم بڑھ گیا، آئی ایم ایف کے پاس جانا ہے یا نہیں اس گومگو کی کیفیت نے ملک میں بے یقینی میں اضافہ کیا ہے، موجودہ حکومت ہمارے مقابلہ میں دوگنا قرضے لے رہی ہے، ہمارے دور میں معیشت کا جو مومنٹم بنا تھا وہ توڑ دیا گیا ہے، پچھلے چھ ماہ میں ملک میں اقتصادی بربادی ہوئی ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ سعودی ولی عہد کے عشایئے پر اپوزیشن کو نہ بلانا حکومت کی چھوٹی سوچ ہے، کنڈر گارٹن کے بچے پاکستان کے حکمران بنادیئے گئے ہیں، اس چھوٹی سوچ کے حکمران پاکستان پر مسلط کردیئے جائیں گے تو کسی دشمن کی ضرورت نہیں ہے۔دفاعی تجزیہ کار میجر جنرل (ر) اعجاز اعوان نے کہا کہ بھارت دہائیوں سے کشمیریوں پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑ رہا ہے کیا کشمیر سے اس کا ردعمل نہیں آئے گا۔
تازہ ترین