• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پلوامہ حملہ مودی سرکار ڈرامہ،الیکشن کیلئے نفرت درکارتھی،تجزیہ کار

کراچی(جنگ نیوز)سینئر تجزیہ کاروں نے کہا ہے کہ پلوامہ حملہ مودی سرکار کا اپنا رچایا ہوا ڈرامہ ہے، مودی کو اپنی گرتی ساکھ اور اگلے الیکشن کیلئے تازہ نفرت چاہئے تھی،نیب نے آرکیالوجسٹ ڈاکٹر صمد کی جس طرح تذلیل کی وہ قابل مذمت ہے، نیب کو اب لوگ عیب کہنے لگے ہیں اس لئے نیب کے عیب ختم کیے جانے چاہئیں، سپریم کورٹ کا جھوٹی گواہی دینے والوں کیخلاف کارروائی کا فیصلہ احسن اقدام ہے۔ان خیالات کا اظہار مظہر عباس، ارشاد بھٹی، محمل سرفراز، بینظیر شاہ اور حفیظ اللہ نیازی نے جیو نیوز کے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“ میں میزبان ابصاء کومل سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ پہلے سوال مودی کسی بھی قسم کا تنازع کھڑا کرنے کیلئے بے صبر ہیں، کیا فواد چوہدری کا بیان درست ہے؟ اس پر بینظیر شاہ نے کہا کہ مودی سرکار پانچ ریاستی انتخابات ہار چکی ہے، اسی لئے پلوامہ حملے کو ایشو بنا کر عوامی جذبات ابھار رہی ہے۔ ارشاد بھٹی کا کہنا تھا کہ پلوامہ حملے کا براہ راست فائدہ مودی کو الیکشن میں پہنچے گا، حملہ مودی سرکار کا اپنا رچایا ڈرامہ ہے، انہیں اپنی گرتی ساکھ اور اگلے الیکشن کیلئے تازہ نفرت چاہئے تھی۔محمل سرفراز نے کہا کہ پلوامہ حملے کے بعد پاکستان مخالف مہم سے مودی کو الیکشن میں فائدہ ہوگا، بھارتی میڈیا بھی کہہ رہا ہے کہ مودی سرکار کی کشمیر پالیسی کی وجہ سے کشمیری نوجوان ہتھیار اٹھارہے ہیں۔مظہر عباس کا کہنا تھا کہ پلوامہ حملہ کسی پاکستان مخالف گروپ کی کارروائی ہے، اس کا مقصد کشمیر کی غیرمسلح جدوجہد کو سبوتاژ کرنے کے بعد بی جے پی کو فائدہ پہنچانا ہے۔حفیظ اللہ نیازی نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر آگ لگی ہوئی تھی لیکن ہماری سیاسی قیادت نے آزاد کشمیر کے الیکشن میں مقبوضہ کشمیر پر کوئی بات ہی نہیں کی۔دوسرے سوال شہباز شریف کی رہائی سے سازش بے نقاب، سازش کا مقصد شہباز شریف اور اپوزیشن کو دباؤ میں رکھنا تھا، کیا احسن اقبال کا بیان درست ہے؟ کے جواب میں حفیظ اللہ نیازی کا کہنا تھا کہ نیب نے آرکیالوجسٹ ڈاکٹر صمد کی جس طرح تذلیل کی وہ قابل مذمت ہے، خیبرپختونخوا حکومت انہیں بہت محبت اور محنت سے وطن واپس لائی تھی، شہباز شریف کیخلاف بھی نیب نے سازش کی ہوگی اس حوالے سے احسن اقبال کا بیان درست ہے۔ارشاد بھٹی نے کہا کہ جس ملک میں محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان سے ٹی وی پر معافی منگوائی جائے اس ملک میں مزید کیا توقع کی جاسکتی ہے، نیب کی طرف سے ڈاکٹر صمد کی گرفتاری نہایت افسوسناک اور قابل مذمت عمل ہے، جن لوگوں نے یہ کارروائی کی انہیں نیب میں رہنے کا کوئی حق نہیں ہے۔
تازہ ترین