• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان عالمی عدالت انصاف میں  کلبھوشن کیخلاف ثبوت منگل کو پیش کریگا

دی ہیگ (اے ایف پی) پاکستان عالمی عدالت انصاف میں کلبھوشن کیخلاف ثبوت منگل کو پیش کریگا ، بھارت پیر کے روز 18فروری کو بین الاقوامی عدالت انصاف میں استدعا کرے گا کہ عالمی عدالت پاکستان کو حکم دے کہ وہ جاسوسی اور دہشت گردی کے الزامات میں موت کی سزا پانے والے مبینہ بھارتی جاسوس کلبھوش یادھو کی سزا معاف کرے بصورت دیگر پلوامہ حملے کے بعد خطے میں پائی جانے والی کشیدگی سنگین شکل اختیار کر سکتی ہے۔بھارت کے وکلاء کی ٹیم دوسری جنگ عظیم کے بعد عالمی تنازعات کو حل کرنے کے لیے بنائی جانے والی اس عدالت کے سامنے اپنا موقف پیش کرے گی۔ جس کے بعد منگل کو پاکستان کلبھوشن یادھو کے بارے میں پاکستان میں انڈیا کے لیے جاسوسی کرنے اور مبینہ طور تخریب کارانہ کارروائیاں کرنے کے شواہد عدالت کے سامنے رکھے گا۔کلبھوشن یادھو جن کے بارے میں پاکستان نے دعوی کیا تھا کہ وہ انڈین بحریہ کے حاضر سروس افسر ہیں انھیں سنہ 2016 میں پاکستان کے صوبے بلوچستان سے گرفتار کیا گیا تھا جنھیں بعد میں پاکستانی فوج کی ایک عدالت نے موت کی سزا سنائی تھی۔ پاکستان کی حکومت ایک عرصے سے بلوچستان میں بلوچ علیحدگی پسند عناصر کی پشت پناہی کرنے کا الزام انڈیا پر عائد کرتا رہا ہے۔ہیگ میں قائم اقوام متحدہ کی بین الاقوامی عدالت انصاف نے سنہ 2017 میں پاکستان کو کلبھوشن کی موت کی سزا کو اس وقت تک موخر کرنے کا حکم دیا تھا جب تک وہ انڈیا کی طرف سے اس سلسلے میں دائر کردہ درخواست کی سماعت مکمل نہیں کر لیتی۔انڈیا کی درخواست کی سماعت پیر اٹھارہ فروری سے شروع ہوگی۔ہیگ میں عالمی عدالت انصاف میں اس معاملے کی سماعت مکمل ہونے کے بعد حتمی فیصلہ آنے میں کئی ماہ لگ سکتے ہیں۔آخری مرتبہ عالمی عدالت انصاف میں دونوں ملکوں کے درمیان سنہ 1999میں آمنا سامنا ہوا تھا پاکستان بحریہ کے ایک جہاز کو نشانہ بنانے کا معاملہ پاکستان نے اس بین الاقوامی عدالت سے رجوع کیا تھا۔ اس واقعہ میں سولہ افراد ہلاک ہو گئے تھے۔بین الاقوامی عدالت نے دونوں ملکوں کا موقف سننے کے بعد یہ فیصلہ دیا تھا کہ وہ اس طرح کے معاملات میں مداخلت کرنے کی مجاز نہیں ہے۔
تازہ ترین