• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

35اضلاع میں (ن) لیگی چیئرمینوں کیخلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا گرین سگنل

چکوال (نمائندہ جنگ) پنجاب میں فوری بلدیاتی انتخابات کرانے کا معاملہ ٹھپ ہو گیا۔ سابق سینئر صوبائی وزیر علیم خان کی نگرانی میں نئے بلدیاتی ایکٹ کا ابتدائی مسودہ تیار کر لیا گیا تھا مگر اُنکی گرفتاری اور پھر مستعفی ہونے سے معاملہ رُک گیا۔ ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت نے 35اضلاع میں ضلع کونسل اور میونسپل کمیٹیوں میں مسلم لیگ (ن) کے چیئرمینوں کیخلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا گرین سگنل دیدیا ہے۔ 15سے زائد چیئرمین پہلے ہی پی ٹی آئی میں شامل ہو چکے ہیں۔ میونسپل کمیٹی چکوال کے 47رکنی ایوان میں مسلم لیگ (ن) کے چیئرمین چوہدری سجاد احمد کو 33ممبران کی حمایت حاصل ہے۔ اُن کیخلاف عدم اعتماد لائے جانے کے امکانات مخدوش ہیں۔ ضلع کونسل میں صورتحال دلچسپ ہے جہاں 93رکنی ایوان میں چیئرمین (ن) لیگ کے ہیں جبکہ (ن) لیگ نظریاتی گروپ کے ملک نعیم اصغر اعوان جو سابق ایم این اے میجر (ر) طاہر صادق کے بھائی ہیں‘ نے طارق اسلم ڈھلی سے مقابلہ کیا تھا۔ مسلم لیگ (ن) نے حالیہ ضمنی الیکشن میں بھی ضلع کونسل میں 32ووٹ حاصل کئے‘ پی ٹی آئی اور (ق) کے پاس پانچ پانچ ممبران ہیں۔ سردار غلام عباس جنہیں 32سے زائد ممبران کی حمایت حاصل ہے‘ انہیں اپنا چیئرمین لانے کیلئے بھی گرین سگنل دیا جا چکاہے۔ اُنکے پی ٹی آئی سے معاملات طے پا گئے تو طارق اسلم ڈھلی کو چیئرمینی سے علیحدہ کیا جا سکتاہے۔
تازہ ترین