• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاحاصل تجربات بلوچستان کے مسائل کی بنیادی وجہ ہیں‘صادق عمرانی

کوئٹہ(پ ر)پاکستان پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن صادق عمرانی نے کہا ہے کہ نظریہ ضرورت کے تحت میدان میں میں اترائی گئی سیاسی جماعتیں اور غیر حقیقی اتحادوں کا انجام قوم بار بار دیکھ چکی ہے، اس کے باوجود اس منفی طرزسیاست کا حصہ بننا باعث فخر گردانا جاتا ہے۔ بلوچستان کے مفادات کے تحفظ کے بلندوبانگ دعوے اس وقت صابن کی جھاگ کی طرح بیٹھ جاتے ہیں جب چمک کی سیاست کی ایک ہی جھلک نوازے جانے والوں کی آنکھوں کو خیرہ کردیتی ہے۔ لاحاصل تجربات کا تسلسل ہی بلوچستان کے مسائل کی بڑی وجہ ہے۔ پہلی اور آخری مرتبہ مسلط کئے جانے والوں کا اس تناظر میں ایک ہی مقصد رہ جاتا ہے کہ جیب بھرو اور پتلی گلی سے نکل جائو۔ صادق عمرانی نے کہا کہ حقیقی سیاسی قیادت کا منظر سے ہٹایا جانا اور اہداف کے حصول کیلئے بیساکھیوں کے سہارے لائی جانے والی غیر حقیقی قیادت کا مسلط کیا جانا مسئلے کا سیاسی حل نہیں بلکہ اس عمل سے بلوچستان کا مسئلہ مزید گمبھیر ہونے کی جانب جاسکتا ہے۔ ملکی ترقی کی تمام راہیں بلوچستان سے ہوکر گزرتی ہیں اور بسنے والی تمام اقوام نے بارہا ہونے والی ناانصافیوں اور حق تلفیوں کے باوجود قومی دھارے میں شامل رہنے کے لئے لاتعداد بے مثال قربانیاں دیں پھر بھی ان کا سیاسی و معاشی استحصال کس سوچ کو عملی جامہ پہنانے کا نتیجہ ہے۔ ووٹ حقیقی عوامی حاکمیت کا پہلا زینہ ہے جس کے آزادانہ استعمال سے قوم اپنے مستقبل کا ازخود تعین کرتی ہے اور یہ عمل فکری سوچ کی تقویت کا سبب بھی بنتا ہے جب اس جمہوری عمل پر پہرے بٹھا دیئے جائیں تو یہ استحصالی طرز عمل قوم کو جمہور سے متنفر کرنے کا باعث بنتا ہے جب تک عوام کو مکمل سیاسی آزادی سے ہمکنار نہیں کیا جاتا عوام پر یونہی لاحاصل تجربات کا اضافی بوجھ ڈالا جاتا رہے گا۔
تازہ ترین