• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب میں10 سال تک کے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا فیصلہ

پنجاب حکومت نے انسداد پولیو کے قطرے 10برس تک کے بچوں کو پلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

لاہور میں پولیو کا کیس سامنے آنے کے بعد وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کی زیر صدارت انسداد پولیو سے متعلق اہم اجلاس ہوا۔

وزیر اعلی کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ متاثرہ بچےکو معمول کی مہم کے دوران انسداد پولیو کے قطرے پلائے گئے تھے لیکن زیرو ڈوز نہیں دی گئی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے پولیو کیس کو انتہائی تشویشناک امر قرار دیتے ہوئے متعلقہ محکموں اور اداروں کو انسداد پولیو کے لیے مربوط اقدامات کرنے کی ہدایت بھی جاری کردی ۔

انہوں نے حکم دیا کہ محکمہ صحت کی ٹیمیں ہر بچے کی انسداد پولیو ویکسینیشن کو یقینی بنائیں تاکہ کوئی بچہ انسداد پولیو ویکسینیشن سے محروم نہ رہے۔

وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صرف اجلاس کر کے باتوں سے کام نہیں چلے گا بلکہ لاہور کے داخلی و خارجی راستوں، بس اڈوں، اسٹیشنز پر ویکسینیشن کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ انسداد پولیو کے لیے کیے جانے والے اقدمات میں غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

اس دوران انہوں نے آؤٹ فال روڈ پر سیوریج کے نظام کو بہتر بنانے کا بھی فیصلہ کیا اور ہدایت کیکہ پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لیےاقدامات کیے جائیں جبکہ دوسری جانب واسا کا سب ڈویژن آفس جلد آؤٹ فال روڈ پر قائم کرنے کی بھی ہدایت دی۔

ترجمان وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز گِل کہتے ہیں کہ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے پولیو مہم کو مزید تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں پیر کو صوبے بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کا اجلاس بھی طلب کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کل خود بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا کر مہم کا پھر سے آغاز کریں گے۔

تازہ ترین