• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل) فور کے 7ویں میچ میں لاہور قلندرز کی پوری ٹیم 78رنز پر ڈھیر ہوگئی ۔

دبئی میں کھیلے جارہے میچ میں گزشتہ روز کراچی کو شکست سے دوچار کرنے والی لاہور قلندرز کی ٹیم حسن علی ،وہاب ریاض اور ابتسام شیخ کی بولنگ کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی۔

پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر لاہور قلندرز کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی ،کپتان محمد حفیظ کے بغیر کھیل رہی ٹیم قیادت کی ذمہ داری جنوبی افریقی بیٹسمین اے بی ڈویلیئرز نے ادا کی۔

لاہور قلندرز کی طرف سے فخر زمان اور سہیل اختر نے اننگز اوپن کی ،گزشتہ میچز میں بہتر کارکردگی دکھانے والے فخر زمان 14 کے مجموعی اسکور پر حسن علی کا پہلا شکار بن گئے۔

حسن علی نے اسی اوور میں دوسرے اوپنر سہیل اختر 6 رنز کی وکٹ بھی اپنے نام کرلی،لاہور قلندرز کے دونوں اوپنر 14 رنز پر پویلین لوٹ گئے تو ٹیم دباو میں آگئی۔

تیسری وکٹ پر کپتان اے بی ڈویلیئرز نے اینٹون ڈیوچ کے ساتھ مل کر اسکور 37رنز تک لے گئے تاہم اس موقع پر ایک بار پھر حسن علی نے یک بعد دیگرے دو اہم وکٹ اپنے نام کرلی اور لاہور قلندرز کی میچ میں واپسی کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔

حسن علی نے چھٹے اوور میں پہلے اے بی ڈیویلیئرز 14رنز کو بولڈ کیا تو اسی اوور کی آخری گیند پر برینڈن ٹیلر کی وکٹ بھی اڑادی۔

دس اوورز مکمل ہونے پر اینٹوں ڈیوچ18 رنز بناکر کیوین پولارڈ کی گیند پر کیچ آوٹ ہوگئے ،56رنز پر پانچ وکٹ گر جانے کے بعد ٹیل اینڈز بھی ہمت ہار گئے۔

لاہور قلندرز کی چھٹی وکٹ 60 کے اسکور پر گری،ہارڈس ولہائن کو محض ایک رنز پر ابتسام شیخ نے ایل بی ڈ بلیو کردیا،ساتویں آوٹ ہونے والے بیٹسمین حسن خان تھے جو صرف 7 رنز بناکر ابتسام شیخ کا اگلا شکار بن گئے۔

لاہور قلندرز کے آغا سلمان 13رنز بناکر وہاب ریاض کی گیند پر کیچ آوٹ ہوئے،اسی اوور میں حارث روف بھی کوئی رنز بنائے بغیر وہاب ریاض کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

لاہور قلندرز کے شاہین شاہ آفریدی 4 رنز بناکر وہاب ریاض کا تیسرا شکار بن گئے،یوں پوری ٹیم 78 کے اسکور پر پویلین لوٹ گئی،میچ کی خاص بات حسن علی کی ابتدائی 4 اہم وکٹیں رہیں، انہوں نے 4 اوورز میں15 رنز دے۔

تازہ ترین