• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان، محمد بن سلمان ملاقات، معاہدوں پر دستخط ہوگئے

وزیراعظم عمران خان اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی ملاقات کے بعد دونوں ممالک کے درمیان معاہدوں اور ایم او یوز پر دستخط ہوگئے۔

وزیراعظم ہائوس میں ہونے والی ون آن ون ملاقات میں عمران خان اور محمد بن سلمان میں پاک سعودی تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم عمران خان نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے سعودی عرب میں معمولی جرائم میں قید 3 ہزار پاکستانیوں کی رہائی کی درخواست کی۔

عمران خان کی اس درخواست پر سعودی ولی عہد نے وزیر اعظم کو قیدیوں کی رہائی کیلئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

ملاقات کے بعد دونوں ممالک کے درمیان 8 معاہدوں اور ایم او یوز پر دستخط ہوئے،جن توانائی،معدنی ذخائر، پیٹروکیمیکل،پاک سعودی ریفائنری،ترقیاتی منصوبوں،نوجوان کے امور سمیت دیگر تجارتی امور شامل ہیں۔

پاکستان کی طرف سے شاہ محمود قریشی، اسد عمر، عمر ایوب، غلام سرور خان،فہمیدہ مرزا، خسرو بختیار نے معاہدوں اور ایم او یوز پر دستخط کئے۔

اس موقع پر وزیراعظم ہائوس میں عشائیہ بھی دیا گیا،جس میں صدر ڈاکٹر عارف علوی،آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ،وفاقی کابینہ، گورنراور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اس سے قبل سپریم کوآرڈیننش کونسل کا افتتاحی اجلاس ہوا جس کی صدارت محمد بن سلمان اور عمران خان نے کی۔

اعلیٰ سطح کونسل کے قیام کی تجویز سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے دی تھی، جس میں دونوں ممالک کے خارجہ امور،دفاع اوردفاعی پیداوارکے وزراء شامل ہیں۔

سعودی ولی عہد کو دورہ پاکستان کے دوران پاکستان کا اعلیٰ ترین سول ایوارڈ بھی دیا جائے گا۔

اس حوالے سے وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا تھا کہ سعودی عرب کے ساتھ اکنامک اسٹریٹجک پارٹنر شپ کا آغاز کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کچھ معاہدوں پر اس دورے کے دوران دستخط ہوں گے، کچھ پر بعد میں دستخط کیے جائیں گے۔

وزیر خارجہ نے یہ بھی کہا کہ سپریم کوآرڈی نیشن کونسل کا آفس دفتر خارجہ میں ہوگا۔

وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا کہ سعودی ریفائنری کے قیام سے معیشت کو سہارا ملے گا،ریفائن تیل سے پاکستان میں ملنے سے امپورٹ بل میں واضح کمی آئے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک بڑی سعودی کمپنی متبادل توانائی کے شعبے میں سرمایہ کرنے جارہی ہے۔

وزیرخزانہ نے اس سے قبل سعودی وزیر توانائی خالد الفلیح سے ملاقات کی،ان کے مطابق سعودی وزیر سے اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کے منصوبوں پر بات چیت ہوئی ہے۔

تازہ ترین