• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستانیوں کے لئے آج ایک عظیم دن ہے،سعودی ولی عہد اور ان کے وفد کا پاکستان میں خیر مقدم کرتے ہیں۔

معاہدوں اور ایم اویوز پر دستخط کی تقریب کے بعد اپنے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ سعودی عرب ہمیشہ سے پاکستان کا دوست اور بھائی رہا ہے،سعودی قیادت اور عوام ہمارے دلوں میں رہتے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں سیاحت کے بہت مواقع موجود ہیں،دوران ڈرائیونگ شہزادہ محمد بن سلمان سے سیاحت کے فروغ پر بات ہوئی ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میرے لیے مکہ اور مدینے کا سفر سب سے بڑا اعزاز رہا ہے، سعودی عرب ہر ضرورت اور مشکل میں ہمارے ساتھ رہا ہے، پیٹروکیمیکل اور معدنیات کے شعبے میں مفاہمت بہت زیادہ اہم ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب اپنے تعلقات کو بلندیوں پر لے جارہے ہیں، پاکستان میں سیاحت کے بہت مواقع ہیں، سی پیک سے دنیا کی بڑی مارکیٹ سے روابط بڑھیں گے۔

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا کہ 20 ارب ڈالرز کے معاہدے سعودی سرمایہ کاری کا پہلا مرحلہ ہے، سعودی عرب پاکستان میں مزید سرمایہ کاری کرے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ہمارا دوست اور بھائی ہے،یہاں آکر بہت خوشی ہوئی ہے،ہم دوستی اور بھائی چارے کو آگے بڑھائیں گے۔

محمد بن سلمان نے یہ بھی کہا کہ آنیوالے سال پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات اور بڑھیں گے،اگلے 20 برسوں میں پاکستان میں سیاحت کا شعبہ فروغ پائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ یقین ہے وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان بہت آگے بڑھےگا، پاکستان کا مستقبل روشن ہے۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے سعودی ولی عہد سے درخواست کی کہ سعودی عرب عازمین حج کو پاکستان میں ہی امیگریشن کی سہولت فراہم کرے۔

تازہ ترین