• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کو 7 وکٹ سے ہرادیا

پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل) فور کے ساتویں میچ میں پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کو 7 وکٹ سے شکست دے دی۔

دبئی اسٹیڈیم پر کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی کی جیت میں حسن علی کی 4 وکٹوں اور عمر امین کے ناقابل شکست 61 رنز نے نمایاں کردار ادا کیا۔

پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر لاہور قلندرز کو بیٹنگ کی دعوت دی تو پوری ٹیم حسن علی،وہاب ریاض اور ابتسام شیخ کی بولنگ کے سامنے جم کر نہ کھیل سکی اور 78 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔

لاہور قلندرز کی طرف سے اینٹون ڈیوچ 18، محمد حفیظ کی غیر موجودگی میں ٹیم کی کپتانی کر رہے اے بی ڈویلیئرز 14 اور آغا سلمان 13 رنز کے علاوہ کوئی بھی بیٹسمین دوہرا ہندسہ عبور نہ کرسکے اور پوری ٹیم 15 اعشاریہ1 اوورز میں 78 رنز بناسکی۔

پشاور زلمی کی طرف سے حسن علی نے 4 اوورز میں 15 رنز دے کر 4، وہاب ریاض نے 17رنز دے کر 3، ابتسام شیخ نے 14 رنز کے عوض 2 اور کیرون پولارڈ نے 1وکٹ اپنے نام کی۔

پشاور زلمی کی طرف سے 79 رنز کے ہدف کے تعاقب میں امام الحق اور کامران اکمل نے اننگز کا آغاز کیا،لیکن اس کی ابتدائی 2 وکٹ6 رنز پر گر گئے،پہلے امام الحق کو حارث روف اور شاہین شاہ آفریدی نے کامران اکمل کو پویلین کی راہ دکھائی۔

تیسری وکٹ پر عمر امین نے میڈسن کے ساتھ مل کر اسکور 62 رنز تک پہنچایا، پشاور زلمی کے تیسرے آوٹ ہونے والے بیٹسمین میڈسن تھے جو 5 رنز بناکر راحت علی کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

عمر امین نے اس موقع پر برق رفتار اننگز جاری رکھی اور پولارڈ کے ساتھ مل کر اسکور 81 رنز تک پہنچایا اور ٹیم کو فتح سے ہمکنار کر دیا۔

عمر امین نے39 گیندوں پر 61 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، انہوں نے اس دوران 10 چوکے اور ایک چھکا لگایا۔

لاہور قلندرز کی بیٹنگ لائن میں گہرا شگاف ڈالنے والے حسن علی کو میچ کا بہتر کھلاڑی قرار دیا گیا۔

تازہ ترین