• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپرلیگ، واٹسن اور اکمل نے گلیڈی ایٹرز کو فتح دلادی، اسلام آباد یونائیٹڈ کی ناکامیوں کا سلسلہ دراز

دبئی (عبدالماجد بھٹی/ نمائندہ خصوصی) پاکستان سپر لیگ میں دفاع چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کی ناکامیوں کا سلسلہ دراز ہوگیا۔ شین واٹسن اور عمر اکمل کی دھواں دار بیٹنگ کی وجہ سے اسلام آباد یونائیٹڈ کو دو دن میں دوسری شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے مسلسل دوسرا میچ جیت کر شاندار فارم دکھائی۔ شین واٹسن نے55گیندوں پر81 ناٹ آئوٹ رنز بنائے ان کی اننگز میں چار چھکے اور چھ چوکے شامل تھے۔ اتوار کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو سات وکٹ سے شکست دے دی۔ اسلام آباد نے8 وکٹ پر157رنز بنائے۔ کوئٹہ نے ہدف دس گیندیں قبل تین وکٹ کے نقصان پر پورا کرلیا ۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اوپنر احمد شہزاد ایک مرتبہ پھر ناکام ہوگئے اور پہلے ہی اوورز میں سمت پٹیل کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ ایک سال بعد ٹیم میں آنے والے رومان رئیس نے 10 رنز بنانے والے رائیلی روسو کو 32 کے اسکور پر آؤٹ کیا تو ایسا محسوس ہورہا تھا کہ یہ میچ یک طرفہ ثابت نہیں ہوگا، لیکن شین واٹسن نے عمر اکمل کے ساتھ مل کر اسلام آباد یونائیٹڈ کی تمام امیدوں کو توڑ دیا۔ دونوں کھلاڑیوں نے برق رفتاری کے ساتھ 62 رنز کی شراکت قائم کی جس کے بعد 94 کے اسکور پر عمر اکمل 44 رنز بنانے کے بعد چھکا لگانے کی کوشش میں ڈیلپورٹ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔اسلام آباد یونائیٹڈ نے مقررہ 20 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 157 رنز بنائے تھے۔اسلام آباد یونائیٹڈ کی اننگزکا آغاز کچھ اچھا نہ تھا۔ پہلے ہی اوور میں اس کے دو بیٹسمین بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے جبکہ آٹھ کے مجموعی اسکور پر تیسری وکٹ بھی گر گئی۔ پہلے اوور کی پہلی ہی گیند پر لیوک رونکی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہو گئے۔ شاداب خان بھی کوئی رن نہ بنا سکے۔ ان دونوں کی وکٹیں سہیل تنویر نے حاصل کیں۔ تیسرے آؤٹ ہونے والے رضوان حسین تھے جو پانچ رنز بنا کر محمد نواز کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔ کیمرون ڈیلپورٹ 19 رنز بنا کر فواد احمد کی گیند پر سہیل تنویر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ دسویں اوور میں فواد احمد کی بال پر حسین طلعت بھی 18 گیندوں پر 30 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ اگلے آؤٹ ہونے والے بلے باز فہیم اشرف تھے جو ایک ہی رن بنا سکے۔ پہلے میچ کے ہیرو آصف علی نے 27 گیندوں پر 36 رنز بنائے جبکہ وین پارنیل 41 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے سہیل تنویر نے 21 رنز دے کر چار بیٹسمینوں کو آؤٹ کیا۔ فواد احمد تین جبکہ محمد نواز نے ایک وکٹ لی۔

تازہ ترین