• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ایس ایل، حسن کے تابڑ توڑ حملے، قلندرز 78 پر ڈھیر، پشاور زلمی نے میدان مارلیا

دبئی(عبدالماجدبھٹی،نمائندہ خصوصی)پاکستان سپر لیگ میں پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کو سات وکٹ سے شکست دے دی۔ فاسٹ بولر حسن علی کے تابڑ توڑ حملوں نے قلندرز کے ہوش اڑادیے، پوری ٹیم صرف 78رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی۔لاہور کو تین میچوں میں دوسری شکست ہوئی ہے۔ حسن علی کے تباہ کن اسپیل کے بعد عمر امین کی بیٹنگ نے پشاور زلمی کو کامیابی دلوادی۔ اتوار کی شب دبئی اسٹیڈیم میں لاہور قلندرزٹورنامنٹ کے دوسرے کم ترین اسکور پر آئوٹ ہوگئی۔ عمر امین نےدھواں دار اننگز کے دوران39 گیندوں پر61 رنز ناٹ آئوٹ رنز بنائے۔ ان کی اننگز میں ایک چھکا اور دس چوکے شامل تھے۔ پشاور نے59 گیند پہلے اسکور بناکر ٹورنامنٹ میں پہلی جیت حاصل کی۔ کراچی کنگز کو شکست دینے ایک دن بعد لاہور قلندرز کی ٹیم اپنے دوسرے کم ترین 78 رنز پر آئوٹ ہوگئی۔ یہ ٹورنامنٹ کا بھی دوسرا کم ترین اسکور ہے۔ پشاور زلمی کے بولروں نے لاہور قلندرز کی بیٹنگ لائن کے چھکے چھڑا دیئے۔ اس سے قبل لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کے خلاف59 اور 100 رنز بنائے تھے۔ حسن علی نے اپنی جارحانہ بولنگ سے چار وکٹیں 15رنز دے کرحاصل کیں جبکہ وہاب ریاض نے تین، ابتسام شیخ نے دو اور کیرون پولارڈ نے ایک وکٹ لی۔ لاہور قلندرز کے بیٹسمینوں میں سے صرف تین 10 رنز سے زائد بنا سکے جن میں اینٹون دیوسچ کے 18، اے بی ڈویلیئرز کے 14 اور آغا سلمان کے 13 رنز شامل ہیں۔

تازہ ترین