• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سرفراز نے عمر اکمل کی قومی کرکٹ ٹیم میں واپسی کا اشارہ دیدیا

دبئی (نمائندہ خصوصی) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے عمر اکمل کی قومی ٹیم میں واپسی کا اشارہ دیا ہے۔ ان کہنا ہے کہ عمر نے ڈومیسٹک سیزن کے بعد پاکستان سپر لیگ کا آغاز اچھے انداز میں کیا ہے اگر ان کی یہی فارم رہی تو پاکستانی ٹیم میں جگہ بناسکتے ہیں۔ آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں پاکستانی ٹیم انتظامیہ کچھ نئے اور ٹاپ پرفارمرز کو موقع دینے پر غور کررہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو میچ کے بعد کیا۔ عمر اکمل جون2017سے پاکستانی ٹیم سے باہر ہیں۔ ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے ان کی فٹنس پر اعتراض کیا تھا پھر ہیڈ کوچ کے خلاف بیان بازی کرنے پر عمراکمل کو جرمانے اور پابندی کا سامنا کرنا پڑا۔ پی ایس ایل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے عمر اکمل نے پہلے میچ میں75ناٹ آئوٹ اور دوسرے میچ میں44رنز بنائے۔ سرفراز احمد نے کہا کہ عمر اکمل بہت باصلاحیت کھلاڑی ہیں اور انہوں نے ہمیشہ اپنی ٹیم کے لیے اچھی پرفارمنس دی ہے۔ نوجوانوں کے پاس قومی ٹیم میں جگہ بنانے کے لیے پی ایس ایل اہم راستہ ہے ۔ اس وقت ہر کوئی پی ایس ایل کو دیکھ رہا ہے، اس ایونٹ کے دوران کوئی نوجوان کھلاڑی ابھرتا ہے تو قومی ٹیم کی سلیکشن کمیٹی اور انتظامیہ اسے قومی ٹیم میں شامل کرنے پر غور کر سکتی ہے۔

تازہ ترین