• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاہور قلندرز کی دریافت حارث رئوف تیز ترین بولنگ کے خواہاں

دبئی (نمائندہ خصوصی) لاہور قلندرز پلیئرز ڈیولپمنٹ پروگرام سے شہرت حاصل کرنے والے راولپنڈی کے فاسٹ بولر حارث رئوف نے کراچی کنگز کے خلاف اپنے طوفانی اسپیل سے لاہورر قلندرز کو پی ایس ایل فور میں پہلی جیت دلوادی۔ غریب خاندان سے تعلق رکھنے والے حارث رئوف کہتے ہیں کہ پاکستان سپر لیگ میں اس سال کی سب سے تیز گیند کرانا چاہتا ہوں ۔ کرائے کے گھرمیں رہتا ہوں ، دو تین سو روپے مزدوری کے ساتھ ساتھ کرکٹ کھیلی۔ حارث رؤف نے اپنی ٹیم کی جانب سے 19 ویں اوور مسلسل دو گیندوں پر کراچی کنگز کے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ انھوں نے 19 اوور میں پہلے عماد وسیم کو یاسر شاہ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروایا اور پھر اگلی ہی گیند پر سہیل خان کو بولڈ کر دیا۔ انھوں نے پہلے روی بوپارہ کو فخر زمان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروایا اور پھر محمد رضوان کو بولڈ کر دیا۔ حارث رؤف کو ان کی عمدہ کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ حارث کہتے ہیں کہ پی ایس ایل کی کارکردگی خواب معلوم ہوتی ہے۔ گھر کے حالات کی وجہ سے مزدوری کرتا تھا اور ٹیپ بال سے بولنگ کرتا تھا۔ ڈیڑھ سال پہلے جب لاہور کی جانب سے ٹرائلز میں منتخب ہوا تو سوچا نہ تھا کہ یہ کامیابی ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ لاہور قلندرز نے فیئر ٹرائلز کے بعد مجھے کنٹریکٹ دیا۔ آسٹریلیا بھیجا۔ عاقب جاوید نے مجھ پر محنت کی۔
تازہ ترین