• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹیسٹ رینکنگ، پیٹ کمنز 13برس بعد پہلے آسٹریلوی ٹاپ بولر

دبئی(ایجنسیاں ) آسٹریلیا کے پیٹ کمنز آئی سی سی کی تازہ ترین ٹیسٹ پلیئرز رینکنگ میں دنیا کے نمبر ایک بولر بن گئے، وہ 13 برس بعد ٹاپ پوزیشن پر براجمان ہونے والے پہلے آسٹریلوی بولر ہیں ۔ اس سے قبل 2006 میں گلین میک گراتھ نے یہ اعزاز حاصل کیا تھا۔ بیٹسمینوں میں ڈی کوک اور فاف ڈوپلیسی ترقی پا کر ٹاپ ٹین میں شامل ہوگئے۔ کوسل پریرا 58 درجے لمبی چھلانگ لگا کر 40ویں نمبر پر آ گئے، آل رائونڈرز میں جیسن ہولڈر بدستور سرفہرست ہیں۔ اتوار کو آئی سی سی نے تازہ ترین ٹیسٹ پلیئرز رینکنگ جاری کر دی بیٹسمینوں میں ویرات کوہلی بدستور پہلے نمبر پر موجود ہیں،کوئنٹن ڈی کوک 4 اور ڈوپلیسی 7 درجے ترقی کے ساتھ بالترتیب 8ویں اور 10ویں نمبر پر آ گئے، سری لنکن دیموتھ کرونارتنے نے بھی ایک سیڑھی چڑھ کر ڈوپلیسی کے ساتھ دسویں پوزیشن شیئر کر لی۔ ہاشم آملہ تنزلی کے بعد 13ویں اور ڈین ایلگر نے 16ویں پوزیشن حاصل کرلی۔ دنیش چندیمل ایک درجہ بہتری پا کر 27ویں نمبر پر آ گئے، ڈربن ٹیسٹ کے ہیرو کوسل پریرا نے 58 درجے چھلانگ لگا کر 40ویں پوزیشن سنبھال لی۔ بولرز میں آسٹریلیا کے پیٹ کمنز نے ایک درجہ ترقی کے ساتھ ٹاپ پوزیشن پر قبضہ جما لیا، انہوں نے جنوبی افریقن فاسٹ بولر رباد کو پہلی سے تیسری پوزیشن پر دھکیل دیا، جیمز اینڈرسن ایک سیڑھی چڑھ کر دوسرے نمبر پر آ گئے، ورنن فلینڈر چوتھے نمبر پر موجود ہیں، ڈوانے اولیویئر 3 درجے بہتری کے ساتھ 22ویں، وشوا فرننڈو 26 درجے ترقی کے ساتھ 49ویں، کاسن راجیتھا 10 درجے چھلانگ لگا کر 59ویں نمبر پر آ گئے، آل راؤنڈرز میں جیسن ہولڈر بدستور پہلے نمبر پر موجود ہیں۔
تازہ ترین